بنوں میں امن کمیٹی کے دفتر پر دہشت گردوں کا حملہ، 7 افراد جاں بحق

بنوں (مشرق نیوز) بنوں میں امن کمیٹی کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بنوں کے علاقے ہوید میں دہشت گردوں کی جانب سے امن کمیٹی کے دفتر پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں7 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ دہشت گردوں نے امن کمیٹی کے دفتر پر رات کے وقت حملہ کیا، حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں امن کمیٹی کے دفترپر فتنہ الخوارج کے حملےکی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی یہ بزدلانہ کارروائی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے، فتنہ الخوارج کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں عوام کے بلند حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتیں، قوم اور ریاست امن دشمنوں کے سامنے متحد کھڑی ہے۔