لاہور:(سٹاف رپورٹر،کورٹ رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے مذہب کی آڑ میں انتشار پھیلایاگیا، کالعدم انتہا پسند جماعت کےخلاف کارروائیوں کے دوران 90 فنانسرز ،سوشل میڈیا پر دھمکیاں دینے والوں کےخلاف 32 مقدمات درج کیے گئے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا پولیس نے کالعدم انتہاپسند جماعت سے ہتھیار اور بلٹ پروف جیکٹس برآمد کیے اور 92 سے زائد بینک اکاﺅ نٹس منجمد کر دئیے، کالعدم جماعت کے خلاف درج مقدمات میں 830 لوگ لاہور میں گرفتار ہوچکے ہیں، کالعدم انتہا پسند جماعت نے مذہب کی آڑ میں انتشار پھیلایا، مذہب کا نام استعمال کرنا ان کا طرہ امتیاز رہا ہے، پنجاب کی 84 فیصد مساجد رجسٹر ہو چکی ہیں، لوگوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمے داری ہے۔
مزید بر آں لاہور ہائی کورٹ نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی فیک نازیبا ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے مقدمے میں ملزم کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر ملزم علی حسن کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے عظمیٰ بخاری کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے عدالتی نوٹس کے باوجود ملزم کیوں پیش نہیں ہوا؟وکیل نے بیان دیا اگر عدالت کہے تو ابھی ملزم کو بلا لیتے ہیں، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دئیے نوٹس ملزم کو ہوا تھا وکیل کو نہیں،عدالت نے عدم پیشی پرملزم علی حسن کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے درخواست پر کارروائی ملتوی کر دی۔
کالعدم انتہا پسند جماعت نے مذہب کی آڑ میں انتشار پھیلایا،عظمیٰ بخاری



















