اسلام آباد(مشرق نیوز) تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں 27 ویں آئینی ترمیم کے عمل کا حصہ نہ بننے کا اعلان کر دیا۔ پارلیمنٹ ہاوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے اعلان کیا ہوا ہے کہ 27 ویں ترمیم کے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، اسمبلی میں تقریر کرنے کے بعد واک آوٹ کریں گے۔
صحافی نے سوال کیا کہ نواز شریف کی پارلیمنٹ آمد پر پی ٹی آئی کیسے ویل کم کریں گے؟انکا کہنا تھا کہ نواز شریف آئیں یا نہ آئیں وہ اب پاکستانی سیاست سے غیر متعلقہ ہو چکے ہیں، وہ خیال کر رہے تھے کہ انہیں لا کر ریڈ کارپٹ بچھایا جائیگا، پارلیمان میں ان کیلئے کسی نے بھی ریڈ کارپٹ نہیں بچھایا۔
ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے خواجہ محمد آصف کو مخاطب کر کے استفسار کیا کہ کیا راجہ پرویز اشرف کے خلاف پٹیشن لیکر آپ افتخار چودھری کے پاس نہیں گئے؟ میاں صاحب خود وکیل بن کے میموگیٹ کمیشن بنوانے کیلئے نہیں گئے تھے؟
انہوں نے کہا کہ جو جج چلے گئے، چاہے وہ اچھے تھے یا برے، ان کے بارے میں غلط الفاظ نہ کہیں۔ رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم نے آئین و قانون کا جنازہ نکال دیا، ترمیم کے خلاف بھی اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی پالیسی دینے کیلئے امن جرگہ بلایا ہے، ہم مزید بدامنی اور دھماکے برداشت نہیں کر سکتے، افغانستان اور پاکستان کے درمیان مسائل کو صبرو اسقامت اور سفارتی سطح پر حل کرنا چاہیے۔
پی ٹی آئی کا 27 ویں آئینی ترمیم کے عمل کا حصہ نہ بننے کا اعلان



















