ضلع ساہیوال میں وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم 2025ءکے دوسرے مرحلہ کا آغاز

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم 2025 کے دوسرے مرحلہ کا آغاز۔ ضلع ساہیوال کے 218 خوش نصیب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کی گئیں۔ اس سلسلہ میں جناح ہال ساہیوال آرٹس کونسل میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ارکان صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم، ارشد ملک، فرزانہ عباس ایڈووکیٹ سمیت ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، اے ڈی سی آر کیپٹن (ر) اسامہ مجید، ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر جاوید، محکمہ زراعت کے افسران اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر پنجاب اسمبلی ملک قاسم ندیم نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں کی فلاح وبہبود اور انکی ترقی کیلئے تاریخ ساز اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جو بھی منصوبے شروع کئے ان پر مرحلہ وار عمل جاری ہے اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے ہر وعدے کوعملی جامہ پہنایا۔ اپنے خطاب میں ممبر پنجاب اسمبلی ارشد ملک نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تاریخی پیکیج دینے پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے گندم کا 3500 روپے فی من ریٹ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کاشت کریں اور ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز کی تقسیم وزیراعلی پنجاب کے زرعی انقلاب کے وژن کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار حکومت پنجاب کی سہولیات سے استفادہ کر کے زراعت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت فی ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 10 ہزار جبکہ دوسرے مرحلے میں 20 ہزار ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے تمام سہولیات انکی دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہیں۔