حکومت نے مجوزہ وفاقی آئینی عدالت کیلئے 7 جج صاحبان کے نام شارٹ لسٹ کرلئے

اسلام آباد (مشرق نیوز) 27ویں آئینی ترمیم کے پارلیمان سے بخوبی گزرنے کے بعد حکومت نے اعلیٰ عدلیہ کی ازسرِنو تشکیل کا عمل شروع کر دیا ہے اور مجوزہ وفاقی آئینی عدالت کیلئے 7 جج صاحبان کے نام شارٹ لسٹ کرلئے ہیں۔عدالت آئین کی تشریح اور وفاق و صوبوں کے درمیان تنازعات کے تصفیے کیلئے قائم کی جا رہی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت نے اس نئی عدالت کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے اور جسٹس امین الدین خان جو اس وقت سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سربراہ ہیں، انہیں وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس کے طور پر تعینات کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی کے ناموں کے ساتھ ساتھ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا اور بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس روزی خان بریچ کے نام بھی اس نئی عدالت کے ابتدائی ارکان کے طور پر زیر غور ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کی ابتدائی تعداد ایک صدارتی حکم کے ذریعے متعین کی جائے گی، جب کہ ججوں کی تعداد میں آئندہ کوئی اضافہ پارلیمان کی منظوری سے قانون سازی کے ذریعے کیا جا سکے گا۔ وزارت قانون کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ صدرِ مملکت، وزیرِاعظم کی سفارش پر، مجوزہ ترمیم کے تحت عدالت کے ججوں کی تقرری کریں گے۔

27ویں آئینی ترمیم کے تحت وفاقی آئینی عدالت کے قیام کی تجویز کو دوبارہ پیش کیا گیا ہے تاکہ سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار کو منظم کیا جا سکے اور آئینی مقدمات کے فیصلوں میں تیزی اور شفافیت لائی جا سکے۔ حکومت کا موقف ہے کہ اس اقدام سے سپریم کورٹ کا بوجھ کم ہوگا، آئینی فیصلوں میں تیزی آئے گی اور عدلیہ کی خودمختاری و وقار میں اضافہ ہوگا۔

ایک علیحدہ آئینی عدالت کا تصور سب سے پہلے 2006 کے چارٹر آف ڈیموکریسی (میثاق جمہوریت) میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے پیش کیا تھا، اس میں تجویز دی گئی تھی کہ آئینی معاملات کیلئے ایک خصوصی عدالت قائم کی جائے تاکہ سپریم کورٹ اپیلوں پر توجہ دے سکے۔

یہ تجویز بعد میں 26ویں ترمیم کے مسودے میں بھی شامل کی گئی تھی مگر جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت دیگر جماعتوں کی مخالفت کے باعث اسے واپس لے لیا گیا۔ مجوزہ منصوبے کے مطابق آئینی عدالت کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 68 سال ہوگی، جو سپریم کورٹ کے ججوں کی عمر (65 سال) سے 3 سال زیادہ ہے، تاکہ تجربہ کار جج زیادہ مدت تک خدمات انجام دے سکیں۔

نئی عدالت کو اسلام آباد میں وفاقی شرعی عدالت کی عمارت میں قائم کیا جائیگا جبکہ وفاقی شرعی عدالت کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی عمارت میں منتقل کیا جائیگا، یہ انتظامی اور علامتی طور پر آئینی عدالت کو دیگر عدالتوں سے الگ کرے گا۔

وفاقی آئینی عدالت کو آئین کی تشریح، وفاق اور صوبوں کے درمیان تنازعات، اور آئینی دفعات سے متعلق معاملات میں اختصاصی دائرہ اختیار حاصل ہوگا، اسے صدارتی احکامات، آئینی ترامیم اور پارلیمان یا صدر کی جانب سے بھیجے گئے سوالات پر بھی فیصلہ دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔