پارا چنار حملہ کیس، راستہ دوسرے ملک سے آتا ،دشمن پہچانیں، سپریم کورٹ
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس مسرت ہلالی نے پارا چنار حملہ کیس میں ریمارکس دیئے جہاں حملہ ہوا وہ راستہ دوسرے ملک سے آتا ہے، اپنا دشمن پہچانیں۔
پارا چنار قافلے پر حملے کے دوران گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس مسرت ہلالی ،صلاح الدین پنہور پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے کی،سی ٹی ڈی وکیل نے عدالت کو بتایا واقعہ میں 37 افراد جاں بحق ، 88 زخمی ہوئے ، جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا واقعہ میں ایک ہی بندے کی شناخت ہوئی ہے کیا ؟ جو حملہ کرنے پہاڑوں سے آئے تھے ان میں سے کوئی گرفتار نہیں ہوا؟،وکیل نے جواب دیا 9 لوگوں کی ضمانت سپریم کورٹ نے خارج کردی ۔
جسٹس مسرت ہلالی نے پوچھا اب کیا صورتحال ہے، راستے کھل گئے ؟،وکیل نے کہاصبح 9 سے دن 2 بجے تک راستے کھلے رہتے ہیں،جسٹس مسرت ہلالی نے سی ٹی ڈی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا جہاں پارا چنار حملہ ہوا وہ راستہ دوسرے ملک سے آتا ہے، آپ اپنا دشمن پہچانیں، صورتحال کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کریں،بعد ازاں عدالت نے ملزم کو وکیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔



















