حاضر سروس جج کیخلاف کارروائی جوڈیشل کونسل ہی کر سکتی ہے، جسٹس خادم سومرو
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس خادم سومرو نے کہا ہے حاضر سروس جج کےخلاف کارروائی سپریم جوڈیشل کونسل ہی کر سکتی ہے۔
وکیل کلثوم خالق کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز کےخلاف دائر توہین عدالت درخواست پر جسٹس خادم سومرو نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کےساتھ سماعت کی،کلثوم خالق نے ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر آگاہ کیا درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ہیں، جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے میرے خلاف غیر قانونی آبزرویشن دیں، نام سپریم کورٹ کے لائسنس کی فہرست میں شامل تھا،عدالتی آبزرویشن کے بعد مجھے سپریم کورٹ کا لائسنس نہ مل سکا، جسٹس ثمن رفعت امتیاز کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
جسٹس خادم سومرو نے کہا کیا ایک جج دوسرے جج کےخلاف کارروائی کر سکتا ہے؟ وکیل کلثوم خالق نے کہا یہ چیف جسٹس کے آرڈر کی خلاف ورزی ہے، جسٹس خادم سومرو نے کہا اگر کسی حاضر سروس جج یا چیف جسٹس کےخلاف کوئی کارروائی کر سکتا ہے تو وہ ایک ہی ادارہ سپریم جوڈیشل کونسل ہے،وکیل کلثوم خالق نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کیس میں ڈویژن بنچ کے فیصلے کا حوالہ دیا ،جسٹس خادم سومرونے کہا فیصلے کو سپریم کورٹ کے 5رکنی بنچ نے کالعدم قرار دےدیا ،ایک دوسرے کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی یا آرڈر کریں تو کیا مناسب لگے گا،کسی جج کو ڈائریکشن جاری نہیں کر سکتے۔



















