صوبے کا چیف ایگزیکٹو ، کور کمانڈر مبارکباد دینے آئے تھے،سہیل آفریدی


اسلا م آباد ،راولپنڈی،پشاور: (بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ کے پیسہیل آفریدی نے کہا ہے آئین ، قانون کو مکڑی کا جالا نہیں بننے دینا،ایک ریاست 2 دستور کا کلچر ختم کرنے آئے ہیں،صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہوں، کور کمانڈر مبارکباد دینے آئے تھے،بانی سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کرونگا۔

سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا پاکستان میں آئینی بحران پوری دنیا دیکھ رہی ہے، ججز کے احکامات ہوا میں اڑائے جا رہے ہیں، ہمارے لیڈر کے کیسز نہیں لگائے جا رہے،کور کمانڈر مجھے مبارکباد دینے آئے تھے، میں صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہوں، میرے آفس میں سب آئیں گے تو کور کمانڈر بھی آئیں گے۔

وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدالتوں کو مفلوج کردیا گیا،عدالتی احکامات ہوا میں اڑائے جا رہے ہیں، اگر ججز یرغمال ہیں تو عوام کو بتائیں تاکہ انہیں آزاد کرایا جائے، آئین اور قانون کو مکڑی کا جالا نہیں بننے دینا جس میں کمزور پھنس جائے اور طاقتور نکل جائے، آئین اور قانون سب کیلئے برابر ہے، طاقتور اور ناانصافی کرنے والوں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

سہیل آفریدی نے کہامیری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کے عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا، جدوجہد عدلیہ کی آزادی، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور میڈیا کی آزادی کیلئے ہے۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہ ہونے ، مقدمات مقرر نہ کرنے کےخلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا،مزید بر آں بانی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا ۔