وزیر اعظم آزاد کشمیر کا مستعفی ہونے سے انکار،پیپلزپارٹی نے عدم اعتماد کا فیصلہ موخر کر دیا
مظفر آباد:(بیورورپورٹ) ڈیڈلائن گزر گئی،وزیر اعظم آزاد کشمیر کا مستعفی ہونے سے انکار،پیپلزپارٹی نے تحریک عدم اعتماد فوری جمع کرانے کا فیصلہ موخر کردیا ۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے تحریک عدم اعتماد کاسامنا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا جن کے پاس نمبر پورے ہیں تحریک عدم اعتماد لے آ ئیں، جب تک اختیار ہے کام کرتا رہوں گا۔
مزید برآں پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے پارٹی کے منحرف ارکان کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا،پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر سردار عبدالقیوم نیازی نے راجہ فاروق حیدر اور سلمان اکرم راجہ سے ریفرنس کیلئے مشاورت کی، قانونی ماہر کے مطابق الیکشن ایکٹ 2020 کی دفعہ 30 کی ذیلی شق 3 اور 4 کے تحت کوئی ایم ایل اے پارٹی تبدیل کرنے سے نااہل ہوسکتا ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق سپیکر اسمبلی کے پاس پہلے ہی پی ٹی آئی کے4 منحرف ارکان کیخلاف ریفرنس زیر التوا ہے،پی ٹی آئی معاملے کو ہائیکورٹ میں لے جائےگی۔
ادھر آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی پر ن لیگ کی مشاورت مکمل ہوگئی، نئے وزیراعظم کےلئے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دینے سے انکار کردیا ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا پیپلز پارٹی سے آزاد کشمیر میں جلد الیکشن سے متعلق مشاورت ہوگی، سیاسی رابطہ کمیٹی نے آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کو پیپلز پارٹی سے طے فارمولے پراعتماد میں لے لیا،ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ کا سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا ،مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں نئی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔



















