جرمن کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت،4 فیصد ترقی کا ہدف مشکل ہے،وزیر خزانہ
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا ہے سیلاب کے باعث رواں سال 4 فیصد ترقی کا ہدف مشکل ہے،معاشی محاذ پر اہم کامیابیاں سمیٹی،زرمبادلہ ذخائر بہتر، افراط زر ، پالیسی ریٹ میں کمی ،موجودہ زرمبادلہ ذخائر اڑھائی ماہ کی درآمدات کےلئے کافی ہیں۔
چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے کہامہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں آچکی ، معاشی کامیابیوں کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا، 3 بڑی بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کردی،رواں سال 4 فیصد سے زائد ترقی کا ہدف تھا لیکن سیلاب سے متاثر ہوسکتا ہے ،پرامید ہیں رواں مالی سال 3.5 فیصد شرح نمو حاصل کرلیں گے،سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اہم پیشرفت ہوئی ،بیجنگ سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی زیر غور ہیں۔
دریں اثناجرمن سفیر کی قیادت میں سرمایہ کاروں ،تاجروں کے وفد نے وزیر خزانہ اورنگزیب سے ملاقات کی،وزیر خزانہ نے معاشی استحکام و اصلاحاتی پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا معیشت اب مضبوط بنیادوں پر استحکام کی جانب گامزن ہے،زرمبادلہ ذخائر اڑھائی ماہ کی درآمدات کے برابر ہو چکے ،مالی سال کے اختتام تک 3ماہ تک پہنچنے کی توقع ہے،تینوں عالمی ریٹنگ ایجنسیوں فچ، ایس اینڈ پی اور موڈیز نے پاکستان کا ریٹنگ آوٹ لک بہتر کیا ۔
سینیٹر اورنگزیب نے کہا آئی ایم ایف کا حالیہ سٹاف لیول معاہدہ پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے،حکومت ٹیکس، توانائی، نجکاری و پبلک فنانس میں گہرے اصلاحاتی اقدامات پر کاربند ، مالی سال ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 10.2 فیصد سے بڑھا کر 11 فیصد کرنے کا ہدف ہے،ٹیکس وصولیوں کی شرح کو 13 فیصد تک لے جایا جائے گا،34 سرکاری ادارے نجکاری کمیشن کے سپرد کردئیے،پبلک فنانس میں اصلاحات ،پنشن ڈھانچے کی ازسرنو تشکیل کی گئی۔
وزیر خزانہ نے کہا پاکستان جلد ہی چینی منڈی میں اپنا پہلا پانڈا بانڈ جاری کرے گا، یوروبانڈ مارکیٹ میں دوبارہ واپسی کے منصوبے پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے، غیر ملکی کمپنیوں کے منافع اور ڈیویڈنڈ کی منتقلی کے مسائل خوش اسلوبی سے حل ہو رہے ہیں،وزیر خزانہ نے جرمن سرمایہ کاروں کو ٹیکنالوجی، توانائی و صنعت کے شعبوں میں مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دےدی۔



















