اسلام آباد،کراچی،واشنگٹن:(بیورو رپورٹ) پاکستان نیوی کاشمالی بحیرہ عرب میں کامیاب آپریشن،اربوں ڈالر کی منشیات پکڑ لی اوردنیا بھر میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔
پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کی سعودی عرب کے زیر قیادت کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 (CTF-150) کے تحت کام کرتے ہوئے شمالی بحیرہ عرب میں انسداد منشیات کا بڑا آپریشن کامیابی سے انجام دیا ،972 ملین امریکی ڈالرز مالیت کی منشیات ضبط کی گئی۔
شاندار کامیابی علاقائی میری ٹائم سکیورٹی، عالمی امن اور سمندر میں غیر قانونی سمگلنگ کےخلاف اجتماعی جنگ کیلئے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتی ہے، کثیر القومی کمبائنڈ ٹاسک فورس 150کا مقصد سمندری استحکام یقینی ،کھلے سمندروں میں دہشتگردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے،پی این ایس یرموک کا کامیاب آپریشن بحیرہ ہند کے وسیع علاقے میں امن و سلامتی کیلئے ذمہ دار میری ٹائم پارٹنر کے طور پر پاکستان کے فعال کردار کی تصدیق کرتا ہے۔
کامیاب انسداد منشیات آپریشن پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس یرموک کے عملے کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے زور دیا پاکستان نیوی قومی بحری مفادات کے تحفظ مشن میں پر عزم ہے ،باہمی تعاون و مربوط میری ٹائم سکیورٹی کوششوں کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
نیول چیف نے کہا سعودی عرب کی زیرقیادت کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 میں پی این ایس یرموک کی تعیناتی سے دونوں بحری افوج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت میں اضافہ،دفاعی تعاون کو تقویت ملے گی۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے کامیاب آپریشن پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بیان میں کہا کارروائی سعودی قیادت میں قائم مشترکہ ٹاسک فورس 150 سے منسلک پی این ایس یرموک نے کی،محض 48 گھنٹوں میں پاکستان نیوی نے 2مشتبہ کشتیوں سے 2ٹن کرسٹل میتھ، 350 کلو آئس اور 50 کلو کوکین برآمد کی ،مجموعی مالیت 97 کروڑ 24 لاکھ ڈالرز بنتی ہے،بیان میں مزید کہا گیا منشیات کو جہاز پر واپس لا کر کے تجزئیے و تصدیق کے بعد ضائع کر دیا گیا۔
سعودی رائل نیوی کے کمانڈر فہد الجوید نے بھی کامیاب کارروائی کو عالمی تعاون کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا آپریشن بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
پاکستان نیوی نے اربوں ڈالر کی منشیات پکڑ لی، امریکی سینٹ کام کا خراج تحسین



















