اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان قطر میں ہونے والے سیز فائر معاہدے کے دورانئے سے متعلق بیان دیدیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سیز فائر معاہدے میں یہ بہت واضح طور پر بیان کیا گیا تھا کہ کوئی دراندازی نہیں ہوگی، ٹی ٹی پی کو افغان سرزمین پر کوئی سہولت فراہم نہیں کی جائیگی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم بار بار یہ بات دہراتے رہے اور ظاہر ہے کہ افغانستان اس بات سے انکار کرتا ہے، ترکیہ، قطر نے زور دیا کہ بنیادی تنازع یہ ہے کہ افغانستان کی سرزمین یا سرپرستی ٹی ٹی پی کو پاکستان میں کارروائی کیلئے دستیاب ہے، ہم نے افغانستان کو بتایا کہ سب کچھ صرف ایک شق پر منحصر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سیز فائر کیلئے کوئی وقت کی حد مقرر نہیں کی گئی، کوئی وقت مقرر نہیں تھا کہ ہم فلاں تاریخ تک دیکھیں گے اور پھر سیز فائر معاہدے کی توسیع کریں گے، جب تک نافذ العمل معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہوتی ہمارے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ موجود ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوحہ میں سیز فائر معاہدہ طے پایا تھا جس میں قطر اور ترکیہ نے کردار ادا کیا تھا، سیز فائر معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان ایک اور بیٹھک ترکیہ میں 25 سے 27 اکتوبر تک ہو گی۔
افغانستان سے سیز فائر خلاف ورزی نہ ہونے تک برقرار ہے: خواجہ آصف



















