نئی گندم پالیسی کی منظور ی، ریٹ 3500 روپے من مقرر ، کسانوں کے مسائل سے آگاہ:وزیراعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) حکومت نے گندم پالیسی 2025-26 کی منظوری دےدی، کسانوں کو تحفظ دینے کیلئے 3500 روپے فی من کے حساب سے بڑا اسٹاک خریدا جائے گا، وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گندم پالیسی 2025-26 سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے نمائندے، جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز شریک ہوئے،شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان زرعی معیشت ،گندم کی فصل کلیدی اہمیت کی حامل ہے، یہ نہ صرف پاکستان کے لوگوں کی بنیادی خوراک ہے بلکہ ملک کے کسانوں کےلئے آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ بھی ہے، حکومت کسانوں کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے، کسانوں کی فلاح و بہتری کےلئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں، کسان پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،پالیسی کیلئے وفاقی حکومت نے تمام سٹیک ہولڈرز بشمول صوبائی حکومتوں، کسان تنظیموں، صنعتکاروں اور کاشتکار برادری کےساتھ تفصیلی مشاورتی عمل کیا جس کی بنیاد پر حکومت قومی گندم پالیسی 2025-26 کا اعلان کر رہی ہے،پالیسی کا مقصد عوامی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے کسانوں کے منافع کو یقینی بنانا ہے، اتفاق رائے پر مبنی پالیسی تیار کرنے میں صوبائی حکومتوں کے تعاون کو سراہتے ہیں، شہباز شریف نے کہا پالیسی زرعی ترقی کو فروغ دے گی، پالیسی سے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا،اجلاس کے شرکا کو پالیسی کے نمایاں خدوخال سے بھی آگاہ کیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا وفاقی اور صوبائی حکومتیں 2025-2026 کی گندم کی فصل سے تقریباً 6.2 ملین ٹن کے سٹریٹجک ذخائر حاصل کریں گی اور خریداری 3500 روپے فی من، گندم کی بین الاقوامی درآمدی قیمت کے مطابق کی جائے گی،اقدام مارکیٹ کی مسابقت کو برقرار رکھتے ہوئے کسانوں کو منصفانہ قیمت و منافع کو یقینی بنائے گا، پالیسی کے تحت پاکستان بھر میں گندم کی دستیابی کو یقینی بنانے کےلئے بین الصوبائی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ گندم کی نگرانی کی قومی کمیٹی کی صدارت کریں گے، کمیٹی میں تمام صوبوں کے نمائندے شامل ہوں گے، کمیٹی پالیسی اقدامات پر عمل درآمد اور ہم آہنگی کی نگرانی کرے گی، کمیٹی ہفتہ وار اجلاس کرے گی اور براہ راست وزیراعظم کو رپورٹ کرےگی، کسانوں کو گندم کی مناسب قیمت دی جائےگی ، حکومت مستحکم ذخائر اور کسانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے کافی سٹاک خریدیگی۔