مقررہ اجرت کی ادائیگی یقینی بنانے کاحکم،شہریوں کی حفاظت ترجیح ہے‘ مریم نواز


لاہور: (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز سے کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزرا رانااقبال ،منشابٹ نے ملاقات کی، پارٹی و سیاسی امور ،ملکی حالات ،امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،صوبائی وزرانے اظہار اعتماد پروزیراعلیٰ ،ن لیگی قیادت کاشکریہ ادا کیا،مریم نواز نے رانا اقبال ،منشابٹ کی کابینہ میں شمولیت کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا شہریوں کے جان و مال کی حفاظت پہلی ترجیح ہے، مقرر کردہ اجرت کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

دریں اثنا مریم نواز نے عالمی یوم تخفیف غربت پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا دن منانے کا مقصد بنیادی ضروریات سے محروم کروڑوں انسانوں کی طرف اقوام عالم کی توجہ مبذول کراناہے، ترقی پذیر ممالک کےلئے تخفیف غربت کا ہد ف خصوصی اہمیت رکھتا ہے، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے غربت جیسی سماجی ناانصافی جنم لیتی ہے،ہیلتھ، ایجوکیشن سمیت دیگر سہولیات کا کسی طبقے تک محدود ہونا بھی غربت کی کمی میں حائل سماجی ناانصافی ہوتاہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب حکومت نے آسان کاروبار بزنس کارڈ، آسان کاروبار فنانس کے ذریعے ہزاروں افراد کےلئے روزگار کے شاندار مواقع پیدا کیے،لاکھوں ورکروں ، محنت کشوں کےلئے راشن کارڈ پراجیکٹ تخفیف غربت کےلئے اہم اقدام ہے، حکومت نوجوانوں کو صنعتی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق آئی ٹی و دیگر ٹیکنیکل ایجوکیشن میں مواقع فراہم کررہی ہے۔

مریم نواز نے کہا نواز شریف آئی ٹی سٹی، روڈا ،راوی گرین سٹی جیسے منصوبوں سے لاکھوں افراد کےلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، صرف ستھرا پنجاب پراجیکٹ کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع حاصل ہونا ریکارڈ ہے، پسماندہ ،دوردراز اضلاع کے عوام کو صحت، تعلیم و ٹرانسپورٹ کی جدید ترین سہولتوں کے تاریخی پراجیکٹ کا آغاز ہوچکا ، تخفیف غربت اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری اہداف میں سرفہرست ہے۔