مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک طیفی بٹ کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے سپرد

لاہور (مشرق نیوز) بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ کی لاش کا پوسٹ مارٹم رحیم یار خان کے ہسپتال میں ہو گیا۔ پولیس نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد طیفی بٹ کی لاش کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق لاش کو ورثا لاہور گلبرگ نصیر آباد لے آئے ہیں، یاد رہے کہ طیفی بٹ کو جمعہ اور ہفتہ کی شب مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا۔

ذرائع نے کہا تھا کہ طیفی بٹ کو دبئی سے کراچی لایا گیا تھا، کراچی سے لاہور منتقل کیا جا رہا تھا کہ تھانہ کوٹ سبزل صادق آباد کے علاقے میں طیفی بٹ کو اسکے ساتھی پولیس سے چھڑا کر فرار ہوئے۔

پولیس کے مطابق طیفی بٹ کو ساتھیوں سے چھڑوانے کی کوشش کی گئی، اس دوران طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔