عوام کو صحت کی معیاری، محفوظ سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیرصدارت پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن اور ضلعی ہیلتھ افسران کے مابین کوآرڈینیشن اور استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد عطائیت کے خاتمے، معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت کے شعبے میں موثر نگرانی کو یقینی بنانا تھا۔ اجلاس میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے سربراہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر خالد رزاق، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و فنانس شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل، اسسٹنٹ کمشنر جنرل غلام حسین بھٹی سمیت متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ایک خودمختار ریگولیٹری ادارہ ہے جو صوبہ بھر میں ہسپتالوں، کلینکس، لیبارٹریز اور دیگر طبی مراکز کی نگرانی کرتا ہے، اور طبی غفلت، غیر معیاری سہولیات اور عطائیت کے خلاف قانونی کارروائی کرتا ہے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری اور محفوظ سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے ہیلتھ کیئر کمیشن اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان قریبی روابط اور اعتماد بے حد ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی اور ڈویژنل سطح پر مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ عطائیت جیسے ناسور کا موثر تدارک ممکن ہو۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کے اداروں میں اصلاحات اور نگرانی کے عمل کو مزید فعال بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔