اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاک سعودیہ تعلقات کو کاروبار اور سرمایہ کاری کی بنیاد پر مزید مضبوط بنائیں گے ،سعودی عرب ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے۔
وزیراعظم ہاوس میں سعودی عرب سے آئے اعلیٰ سطح کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہایہاں ایک خاندان کی طرح بیٹھے ہیں، 40سال سے سیاست میں ہوں، پہلی بار60 کی دہائی کے آخر میں سعودی عرب گیا ، سعودی عرب کے کئی دورے کئے مگر حالیہ دورہ ریاض بالکل منفرد تھا،سعودی بھائی بہنوں نے ہمیشہ پاکستان کیلئے بے مثال محبت دکھائی ،سعودی عرب نے ہر مشکل ،آزمائش میں ساتھ دیا،پاکستان سے تعلق غیر متزلزل و مستقل عزم پر مبنی ہے،سعودی عرب کا عزم تعلقات کی تاریخ میں ہمیشہ نمایاں رہا اور رہے گا۔
شہبازشریف نے کہا دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ بھائی چارے پر مبنی تعلقات کی باقاعدہ شکل ہے،ہرمسلمان مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے، مقدس مقامات کے ہمیشہ کیلئے محافظ رہیں گے، پاک سعودیہ تعلقات کو کاروبار،سرمایہ کاری کی بنیاد پرمزید مضبوط بنائیں گے، ضروری ہے مشترکہ کاروباری خواب کو حقیقت بنانے کیلئے تعاون سے کام کریں۔
وزیراعظم نے کہا ملکرکام کریں تو عالمی برادری میں اپنی جگہ مضبوطی سے بنا سکیں گے، سعودی عرب کے حکام بھی معاہدوں پر دستخط کےلئے پرجوش ہیں،تجارت، سرمایہ کاری، تحقیق اورترقی کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھائیں گے، سعودی عرب سے سیکھنے کی ضرورت اور موقع میسر ہے،حقیقی بھائی ہیں اور بھائی ہمیشہ دوسرے بھائی کی مدد کو آتا ہے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک اور ویژنری قیادت نے سعودی معاشرے کو بدل کر رکھ دیا ۔
سعودی وفد کے سربراہ شہزاد منصور بن محمد السعود نے کہا پاکستان سعودی عرب مشترکہ بزنس کونسل اجلاس کیلئے آئے ،آنے سے قبل سعودی عرب کے تمام وزرا سے ملاقاتیں کیں اورپاکستان میں ممکنہ سٹریٹجک منصوبوں سے آگاہ کیا،سعودی کاروباری طبقے کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سہولتیں دی جائیں گی۔
پاک سعودیہ تعلقات کو سرمایہ کاری سے مزید مضبوط بنائیں گے، وزیراعظم



















