اسلام آباد (مشرق نیوز) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے ایک بار پھر حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ کھاد پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو دگنا کر کے 10 فیصد کیا جائے اور زرعی ادویات (پیسٹی سائیڈز) پر 5 فیصد ایف ای ڈی نافذ کی جائے تاکہ سالانہ ٹیکس ہدف میں کمی کو کسی حد تک پورا کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے یہ تجویز اس وقت دی جب فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ٹیکس وصولی کا ہدف 400 سے 500 ارب روپے کم رہنے کاخدشہ ظاہر کیا گیا تاہم حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ آئندہ جائزہ میں اگر ٹیکس وصولیاں کم ہوئیں تو یہ اقدامات کئے جائیں گے، آئی ایم ایف نے فوری طور پر دباو نہیں ڈالا۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کے آخری مرحلے میں آئی ایم ایف ممکنہ طور پر ایف بی آرکے ٹیکس ہدف میں 167 سے 240 ارب روپے تک کمی پر آمادہ ہو سکتاہے۔ اس وقت پنجاب کی 33 لاکھ ایکڑ زرعی زمین زیرآب ہے جبکہ 27 اضلاع میں کیش کراپس پیداکرنیوالے علاقے شدیدمتاثر ہوئے ہیں۔
حکومت نے ایف بی آرکاسالانہ ٹیکس ہدف 14.130 کھرب روپے مقررکیا تھا، تاہم پہلی سہ ماہی میں وصولی 198 ارب روپے کم رہی، نیاہدف 13.89 کھرب سے 13.963 کھرب روپے کے درمیان مقررکیاجاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے کسانوں کیلئے زرعی آمدنی ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ توسیع کرتے ہوئے نئی تاریخ 30 اکتوبر مقررکر دی ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسان طبقہ نئے صوبائی انکم ٹیکس قوانین کے تحت ریٹرن جمع کروائے گا، جو کہ 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف بیل آوٹ پیکیج کاحصہ ہیں۔
دوسری جانب زرعی ماہرین کاکہنا ہے کہ ایسے وقت میں جب کسان پہلے ہی نقصانات کاشکار ہیں،کھاد اور زرعی ادویات پر ٹیکس لگانے سے انکی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
آئی ایم ایف کا کھاد اور زرعی ادویات پر ٹیکس بڑھانے کا مطالبہ



















