پاک چین شراکت داری نئے سنگ میل تک لےجائیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد :(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے چین کےساتھ برادرانہ تعلقات پر فخر ، شراکت داری نئے سنگ میل تک لےجائیں گے۔

عوامی جمہوریہ چین کے 76ویں قومی دن پر چینی قیادت ، عوام کو دلی مبارکباد پیش کر تے ہوئے شہبازشریف نے کہاچینی عوام کی ترقی، خوشحالی و کامیابی کےلئے دعاگو ہیں دن نہ صرف چین کے شاندار قومی سفر کی یاد دہانی ہے بلکہ عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کے کردار کا بھی اعتراف ہے،صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت میں چین کا ترقی و خوشحالی کے سنگ میل عبور کرنادنیا کےلئے روشن مثال ہے۔

وزیراعظم نے کہا دوستی لازوال ، ناقابل شکست رشتہ وقت کےساتھ مزید مضبوط ہوا ،باہمی اعتماد، قربانی و اخلاص پر مبنی رشتہ آنےوالی نسلوں کےلئے امن، ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے،میرا حالیہ دورہ چین انتہائی مفید و نتیجہ خیز رہا ،شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس اور بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے،شہبازشریف نے کہاسی پیک سب سے اہم مشترکہ منصوبہ اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ، پاکستان چین کےساتھ برادرانہ تعلقات پر فخر کرتا ہے ،پرامید ہیں دونوں ممالک شراکت داری کو نئے سنگ میل تک لے جائیں گے۔

دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاپاک چین سٹریٹجک شراکت داری خطے میں توازن ،ترقی کی بنیاد ہے،چینی قیادت نے مختصر مدت میں معاشی استحکام و پائیدار ترقی کے خواب کو عملی تعبیر دی ، چین استقامت، اصولوں کی پاسداری ،اجتماعی فلاح کے جذبے سے اقوام عالم میں بلند مقام پر پہنچا، چین کی معاشی، سماجی و عسکری میدان میں غیر معمولی کامیابیاں خطے کیلئے ترقی و استحکام کا باعث ہیں۔

محسن نقوی نے کہا قومی دن پر چینی قیادت ،عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاک چین تعلقات تاریخی، سٹریٹجک ، مضبوط شراکت داری پر مبنی ہیں، سی پیک جیسے عظیم منصوبے پاک چین عظیم شراکت داری کی روشن مثال ہیں،ہمالیہ کی فلک بوس چوٹیاں، سمندر کی گہرائیاں ، قراقرم کی سنگلاخ راہیں پاک چین لازوال دوستی کی گواہ ہیں، چین نے ہر بحران، علاقائی تناو ،داخلی چیلنج میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا،چینی قوم کی مزید ترقی، کامرانی و عروج کیلئے دعا گو ہیں، پاک چین دوستی زندہ باد۔