نیویارک، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے بجلی کے شعبے میں گردشی قرضہ تمام وسائل کو نگل رہا تھا، مسائل سے نمٹنا بہت بڑی کامیابی ہے،نیویارک میں شعبہ توانائی کے گردشی قرضے کے خاتمے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا بجلی کے شعبے میں لائن لاسز بھی بڑا چیلنج ہے، اگلے مرحلے میں لائن لاسز کے مسئلے پر توجہ دی جائےگی، وزیر توانائی کی سربراہی میں ٹاسک فورس نے مستعدی سے کام کیا اور آئی پی پیز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے، گردشی قرضے کا منصوبہ اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے، آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے اہم ملاقات ہوئی، پاکستان کی معاشی بہتری کی تعریف کی،معاشی اشاریوں میں بہتری، ایف بی آر، بجلی اور آئی ٹی کے شعبوں میں بہتری بہت اہم پیش رفت ہے، اسی سے ہمیں حوصلہ ملنا چاہیے، اعتماد اور حوصلے کےساتھ تیزی سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، پاکستان مشکلات سے نکل آئے گا،وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا حکومت کے آغاز پر پاکستان کا گردشی قرضہ تقریباً 22.4 کھرب روپے تھا، جسے اب تک 800 ارب روپے کم کیا جا چکا ہے، آج 1225 ارب روپے کے گردشی قرضے میں کمی کی نئی سکیم پر دستخط کیے جا رہے ہیں جس سے مزید قرضے کم کرنے میں مدد ملے گی،وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا گردشی قرضے کے خاتمے کےلئے گزشتہ ایک سال سے کوششیں جاری تھیں، گردشی قرضے کے خاتمے کی سکیم اہم سنگ میل ہے، گردشی قرضے کے خاتمے کے توانائی کے شعبے پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے،بجلی کے شعبہ کے 1225 ارب روپے گردشی قرضہ کاحل مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کے توانائی شعبے کے دیرینہ ترین مسائل میں سے ایک کے حل میں ایک بڑی پیش رفت ہے،پاور سیکٹر کے سٹرکچرل مسائل حل ہورہے ہیں۔
گردشی قرض تمام وسائل نگل رہا تھا، مسئلے سے نمٹنا بہت بڑی کامیابی ہے:شہباز شریف



















