چیئرمین سی ڈی اے کے وارنٹ گرفتاری جاری کروں تب کام ہوگا؟، جسٹس محسن اختر
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس محسن اختر کیانی نے شہری کو پلاٹ کا قبضہ نہ دینے کےخلاف کیس کی سماعت میں اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا چیئرمین سی ڈی اے کے وارنٹ گرفتاری جاری کروں تب کام ہوگا؟۔
سیکٹر ای الیون میں شہری کو پلاٹ کا قبضہ نہ دینے کےخلاف کیس پر سماعت ہوئی،جسٹس محسن اختر کیانی نے وکیل سی ڈی اے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا اتنے عرصے سے کیس چل رہا ہے ابھی تک متاثرین کو قبضہ کیوں نہیں دیا گیا، کیا چیئرمین سی ڈی اے کے وارنٹ گرفتاری جاری کروں تب کام ہوگا؟ اپنے آفس کو بتائیں اپنا کام پورا کریں ورنہ وارنٹ گرفتاری ہوں گے پھر جرمانہ بھی ہوگا اور چیئرمین ،ممبر بورڈ کو بٹھا کر کہوں گا آرڈر کریں۔
جج نے کہاجب وارنٹ ہوں گے یا کوئی سخت آرڈر ہوگا تو پھرذات پر حرف آجائے گا، سمجھائیے گا، بے شک سمجھ نہ آئے لیکن لا افسر کا کام ہوتا ہے بتانا،وکیل سی ڈی اے نے کہا ممبر سی ڈی اے بورڈ 4ہفتوں کی رخصت پر ہیں وقت دیا جائے، عدالت نے کہاجو 4ہفتے کی چھٹی پر ہیں انہیں کہیں آئندہ سماعت سے قبل متاثرہ شہری کی داد رسی کریں، ممبر بورڈ کو بتائیں اگر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہو تو چھٹی کے باوجود عدالت آجائیں۔



















