انگریزی چینل کا افتتاح،وزیر اعظم کا پہلا انٹرویو بھی ریکارڈ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کا دورہ کرکے انگریزی چینل کا افتتاح کر دیا۔

شہبازشریف نے پاکستان ٹیلی ویژن میں قائم کردہ پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے قیام کی تختی کی نقاب کشائی کی اور بعدازاں ڈیجیٹل چینل کی باقاعدہ نشریات کے آغاز کا افتتاح کیا،وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ، سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نے نئے چینل کے مختلف سیکشن کا دورہ کیا،نوجوانوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا بیرونی بیانیے کی جنگ میں نوجوانوں کاکردار انتہائی اہم ہے،ڈیجیٹل چینل کے آغاز کا بنیادی مقصد مسلسل حقیقی خبریں فراہم کرتے ہوئے غلط بیانی ،پروپیگنڈے کا موثر جواب دینا ہے،شہبازشریف نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کی نشریات کےلئے اپنا پہلا انٹرویو بھی ریکارڈ کرایا، افتتاح کے موقع پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے وزیر اعظم کو پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔