اسحاق ڈار سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا رابطہ، تعلقات پر اعتماد کا اظہار

اسلام آباد (مشرق نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماوں نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مثبت انداز میں آگے بڑھنے پر اعتماد کا اظہار کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیلیفونک گفتگو میں باہمی تعلقات اور حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماوں نے تعاون کے کثیر جہتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

وزرائے خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسرائیل کی قطر میں حماس کے رہنماوں کے خلاف کی گئی کارروائی پر مسلم ممالک کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا تھا۔