سیلاب متاثرین کو بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے IMFسے رابطہ کیاجائے،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سیلاب متاثرین کو بجلی بلوں میں ایک ماہ کا استثنیٰ دینے پر غور شروع ، وزیراعظم شہباز شریف نے ریلیف کےلئے وزارت خزانہ کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے رابطے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا وزارت خزانہ آئی ایم ایف کےساتھ ممکنہ ریلیف پر بات چیت کرے، شہر ہوں یا دیہات، ریلیف پورے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں دیا جائے گا۔

دریں اثناسماجی رابطوں کی ویب سائٹ ”ایکس“ پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سیلاب کے دوران امدادی کاروائیاں قابل تعریف ہیں،خیبر پختونخوا، سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر قیادت کی محنت بھی تعریف کے قابل ہے،قدرتی آفت سے بے پناہ مسائل و چیلنجز نے جنم لیا پھر بھی کسانوں، مزدوروں، خواتین ،بچوں نے غیر معمولی ہمت کا مظاہرہ کیا ، پاکستانی قوم مصیبتوں و صعوبتوں کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکاری ہے۔

وزیراعظم نے کہا تمام متعلقہ وفاقی محکموں بشمول این ڈی ایم اے ،وزات موسمیاتی تبدیلی کو کسی بھی ہنگامی صورت میں مکمل تعاون فراہم کرنے کےلئے تیار رہنے کی ہدایت کردی۔

علاوہ ازیں حکومت نے اربن فلڈنگ پر قابو پانے کےلئے نیا لائحہ عمل ،پالیسی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا،حکام وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق وزیراعظم نے اربن فلڈنگ و جنگلات کے بے دریغ کٹاو پر فوری اقدامات کا ٹاسک سونپ دیا اورصوبوں کو کلائمیٹ ریزیلینس ایکشن پلان کے اہداف تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کلائمیٹ ریزیلینس ایکشن پلان پر صوبوں کےساتھ کوآرڈی نیشن،اربن فلڈنگ ،جنگلات کے کٹاو معاملے پر مشاورت کرے گی، صوبوں کےساتھ اربن فلڈنگ روکنے اور شہری علاقوں میں ڈرینج سسٹم بہتر بنانے پر فوکس کیا جائےگا،پالیسی کے ذریعے آئندہ ممکنہ سیلابی خطرات کو کم کرنے کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔