پاک فوج کا ایم آئی17 ہیلی کاپٹر چلاس میں گر کر تباہ، 2 میجر سمیت 5 جوان شہید

راولپنڈی، گلگت (بیورو رپورٹ) گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، 2 میجر سمیت 5 جوان شہید ہوگئے،آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر ٹھک داس چھاونی سے تقریباً 12 کلومیٹر دور ہڈور گاو¿ں کے قریب گرا، ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا، فنی خرابی کا شکار ہونے کے بعد گر کر تباہ ہوگیا ، شہدا میں پائلٹ ان کمانڈ میجر عاطف،کوپائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینئر نائب صوبیدار مقبول، کریوچیف حافظ جہانگیر اور چیف نائیک عامر شامل ہیں،ترجمان پاک فوج کے مطابق ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا جب اسے تکنیکی خرابی پیش آئی، آرمی ایوی ایشن کی تربیتی پروازیں معمول کا حصہ ہیں تاکہ آپریشنل تیاری کو ہر وقت یقینی بنایا جا سکے،تربیت دفاعی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی و بحالی کے مشنز کےلئے بھی ناگزیر ہے، ملک کے دفاع اور عوامی خدمت کے ہر پہلو میں بھرپور تیاری یقینی بنائی جائے گی،وزیر اعظم شہباز شریف،صدر مملکت آصف زرداری،وزیر داخلہ محسن نقوی،وزیر اعلیٰ علیٰ گلگت بلتستان اور گورنر نے ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔