اسلام آباد(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند اور قوم کیلئے خوشی کادن قراردےدیا۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے سے سازش کا بیانیہ دفن ہوگیا،فیصلے سے سمجھ آگیا بانی بے گناہ ہیں، جیل میں رکھ کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے پارٹی رہنماﺅں کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا قوم کےلئے خوشی کا دن ہے، بہت عرصے بعد عدالتوں سے ریلیف ملا،بیانئے کی جیت ہوئی اب صرف القادر ٹرسٹ کیس رہ گیا،جلد حق میں فیصلہ آئے گا،سپریم کورٹ کے فیصلے نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بے گناہی ثابت کردی،ضمانت اہم سنگ میل ہے، عدالت کے سامنے ثابت ہوگیا عمران خان کےخلاف کچھ بھی نہیں،ٹرائل میں بھی مقابلہ کریں گے،تاریخ کا وعدہ ہے انصاف کا بول بالا ہوگا،ملک میں جمہوریت لےکر آئیں گے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا اللہ کے پاس دیر ہے، اندھیر نہیں، سپریم کورٹ نے 8 کیسز میں بانی کو ضمانت دے کر واضح کر دیا تمام کیسز ناجائز ہیں،چیف جسٹس صاحب اور سپریم کورٹ کو سراہتا ہوں انصاف پر مبنی فیصلہ دیا ،عدالتیں انصاف دیں گی تو لوگوں کا اعتماد بڑھے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا بانی کی ضمانت پر رہائی قانونی فیصلہ ہے،انصاف کے تمام فیصلے آئین و قانون کی روشنی میں ہونے چاہئیں،بانی پربنائے گئے جھوٹے مقدمات کی کوئی حیثیت نہیں،آئین و قانون پر عملدرآمد ہی حقیقی انصاف ہے،ضمانت پر رہائی نے ثابت کر دیا بانی چیئرمین بےگناہ ہیں۔
سپریم کورٹ فیصلے نے عمران خان کی بے گناہی ثابت کردی،پی ٹی آئی



















