وزیراعظم،فیلڈ مارشل کاسیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ،تجاوزات ،ٹمبر مافیا کےخلاف کارروائی کا حکم

پشاور:(بیورورپورٹ)وزیراعظم، فیلڈ مارشل کاسیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ،امدادی کاموں کاجائزہ،شہبازشریف نے تجاوزات،ٹمبر مافیا کےخلاف سخت کارروائی کا حکم دےدیا۔

شہباز شریف نے وفاقی وزرا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی کا دورہ کیا،وزیراعظم ،فیلڈ مارشل کو خیبرپختونخوا میں جاری ریسکیو و ریلیف آپریشنز پر بریفنگ دی گئی،متاثرین سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وفاقی حکومت ،پاک فوج کی طرف سے مکمل امداد و تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

شہبازشریف نے سیلاب زدگان کےساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مسلح افواج و سول انتظامیہ کی خدمات کو سراہا اور کہا متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بحالی کےلئے تمام قومی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،پانی کی گزرگاہوں میں غیر قانونی تجاوزات، ٹمبر مافیا ،غیر قانونی مائننگ و کرشنگ سرگرمیاں جانی و مالی نقصان کا بڑا سبب ،ماحولیاتی تباہی کا باعث بننے والے عناصر کےخلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات ناگزیر ہیں،پاکستان کو ایسی سخت ریاست بننا ہوگا جہاں قانون سب پر یکساں لاگو ہو اور کسی کو استثنیٰ نہ دیا جائے،کسی کو قانون سے بالاتر نہیں ہونے دیں گے۔

آرمی چیف نے ریسکیو مشن میں مصروف فوج، پولیس ، سول انتظامیہ کے عملے سے ملاقات کی اور بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی سیلاب متاثرین کی مدد ترجیح ہے، کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، فورسز و سول ادارے انتھک خدمات جاری رکھیں، شہریوں کی جانوں کا تحفظ ،امداد ترجیح ہونی چاہیے۔

بونیر میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا وفاق ،صوبے ملکر حالیہ قدرتی آفت و طوفان کا مقابلہ کر رہے ہیں، ہولناک سانحہ میں 700 سے زائد بہن بھائی موت کی آغوش میں چلے گئے،آئندہ آفات سے بچنے کےلئے دریاوں ، خطرناک مقامات پر تعمیرات کو روکنا ہوگا،اچانک بادل پھٹنے ،طغیانی کے باعث درجنوں قیمتی جانیں ضائع ، صوابی، شانگلہ، بونیر، سوات، لوئر دیر، باجوڑ، جنوبی وزیرستان ،مانسہرہ میں سینکڑوں خاندان متاثر ہوئے، پنجاب، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی درجنوں افراد لقمہ اجل بنے۔

شہباز شریف نے کہا وفاقی حکومت نے صوبوں کےساتھ ملکر بحالی و امدادی کام شروع کر دئیے ، چاہے خیبرپختونخوا ہو، آزاد کشمیر یا گلگت بلتستان، سب کو یکساں سہولت دی جائے گی،آئندہ ایک ہفتے کےلئے ہر گھر کو بجلی فراہم کرینگے چاہے بل ادا کیا گیا ہو یا نہیں،تباہ شدہ سڑکوں ، پلوں کی مرمت کےلئے وزارت مواصلات و دیگر ادارے متحرک ہیں،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین این ڈی ایم اے، کور کمانڈر پشاور ،وفاقی وزرامسلسل بحالی اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا فوج، ایف سی ،صوبائی حکومت متاثرین کی خدمت کےلئے دن رات کام کر رہی ہیں، الخدمت فاونڈیشن سمیت فلاحی ادارے بھی شریک ہیں،آزمائش کی گھڑی میں خدمت سیاست نہیں بلکہ قومی ذمہ داری ہے،آئندہ دریاوں ، ندی نالوں کے قریب تعمیرات کو روکنے کےلئے قومی سطح پر پالیسی مرتب کی جائے گی ،چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ،چیف سیکرٹریز کو جلد اجلاس میں مدعو کیا جائے گا۔

شہبازشریف نے سیلاب متاثرہ خاندانوں میں امدادی چیک بھی تقسیم کیے،قبل ازیں وزیراعظم نے بونیر کا فضائی دورہ کیا اور متاثرہ علاقوںمیںسیلابی صورتحال ،نقصانات کا معائنہ کیا،وزیراعظم ہاوس کے اعلامیے کے مطابق شہبازشریف نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا اور ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ،جاں بحق افراد کےلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔