پشاور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی ،سینٹ میں اپوزیشن لیڈرز کی تقرری روک دی

پشاور(بیورورپورٹ)پشاور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی اور سینٹ میں نئے اپوزیشن لیڈرز کی تقرری روک دی۔

جسٹس ارشد علی اور جسٹس خورشید اقبال پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے عمر ایوب ،شبلی فراز کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی نوٹیفائی کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

بیرسٹر گوہر نے موقف اپنایا سپیکر قومی اسمبلی ،چیئرمین سینٹ کےخلاف 2درخواستیں دائر کیں، 5 اگست کو اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کی سیٹ کو خالی قرار دےدیا گیا، عدالت نے استفسار کیا پہلے بتائیں کیسز کو سننے کا کیا پشاور ہائی کورٹ کا دائر اختیار ہے یا نہیں؟،بیرسٹر گوہر نے آگاہ کیا آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت درخواست گزار کو نااہل کیا گیا، الیکشن کمیشن کا ممبران کو نااہل کرنا غیر قانونی و غیر موثر ہے، رولز آف بزنس کے 67 (2) کے تحت اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کیا جاتا ہے، 60 دن گزرنے کے بعد الیکشن کمیشن کسی کو نااہل نہیں کرسکتا ۔

وکیل بیرسٹر گوہر نے مزید کہا سیکشن 213 کے تحت صرف الیکشن کمیشن ایڈمنسٹریٹو اختیار استعمال کرسکتاہے، کسی ممبر کو نااہل کرنے کےلئے سپیکر کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنا لازمی ہے، 14 مختلف طریقوں و خلاف وزریوں پر ممبر کو نااہل کیا جاسکتا ہے،عدالت مناسب سمجھے تو کیس لارجر بنچ کو دے دے، الیکشن کمیشن غلطی کر رہا ہے، 9 مئی کوافسوسناک واقعہ ہوا ، اے ٹی سی میں 88 مقدمات درج کئے گئے ، ایم این اے عبد الطیف کو 10 سال کی سزا سنائی گئی ، عمر ایوب و دیگر رہنماﺅں کےخلاف عبد الطیف کا کیس بنیاد بنا کر کارروائی کی گئی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا الیکشن کمیشن نے خود کو مس گائیڈ کیا ، آرٹیکل 63(2) کی غلط تشریح کی گئی ، الیکشن کمیشن کایوسف رضا گیلانی کے کیس کا حوالہ دنیا ٹھیک نہیں ، یوسف رضا گیلانی کا کیس بالکل مختلف تھا، درخواست ہے الیکشن کمیشن کو مزید کارروائی سے روک دیں،عدالت عالیہ نے عمر ایوب،شبلی فراز کیخلاف مزید کارروائی روکتے ہوئے الیکشن کمیشن و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے 15 اگست تک جواب طلب کر لیا۔