تجاوزات کے خاتمے، دکانوں کو سیل کرنے کی مہم دو سرکاروں اداروں کی کھینچاتانی کا شکار

لاہور (خبرنگار) لاہور میں تجاوزات کے خاتمے اور دکانوں کو سربمہر کرنے کی مہم دو سرکاری اداروں کی انا اور اختیارات کی کھینچا تانی کا شکار ہو گئی ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے درمیان جاری سرد جنگ نے انتظامی عمل کو نہ صرف مفلوج کر دیا ہے بلکہ ماتحت عملے کو شدید اضطراب، بے یقینی اور مایوسی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں کام کرنے والی پیرا فورس بارے معلوم ہوا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیوں پر بلدیہ عظمیٰ کے عملے کو اعتماد میں نہیںلیا جاتا جبکہ ضبط شدہ سامان کو بھی نامعلوم وجوہات کی بنا پر واپس کرنے جیسے غیر شفاف اقدامات نے پیرا فورس کو مشکوک بنا دیا ہے جبکہ دوسری جانب اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ کے انچارج میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن نے عوامی شکایات کے بعد اپنے عملے اور مشینری کی فراہمی سے عملی طور پر ہاتھ کھینچ لیا ہے اور ماتحت عملے کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اسسٹنٹ کمشنرز کے بجائے صرف ایم او آر کے احکامات پر عمل کریں۔ حالیہ کشمکش کے باعث پیدا ہونےوالا باہمی تناو قانون کے نفاذ اور عوامی خدمت کے بجائے ادارہ جاتی بالادستی، ذاتی اثرورسوخ اور اختیارات کی جنگ میں تبدیل ہو چکا ہے جس کے باعث تاجر طبقہ روزانہ کی بنیاد پر غیر یقینی اور خوف کے سائے میں کاروبار کرنے پر مجبور ہے۔ انتظامیہ کے اس تصادم نے یہ حقیقت عیاں کر دی ہے کہ جب سرکاری ادارے اپنی قانونی ذمہ داریوں کے بجائے ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے، طاقت کے مظاہرے اور عوامی مفاد کو قربان کرنے میں لگ جائیں تو نہ صرف شہر کا نظم و نسق تباہ ہو جاتا ہے بلکہ کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی کے دروازے بھی کھل جاتے ہیں۔