آذری صدر کوآرمینیا سے معاہدے پر مبارکباد،خوشحالی کا آغاز ہوگا،شہبازشریف

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف کاآذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے رابطہ،آرمینیا کےساتھ امن معاہدے پر مبارکباد دی۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں آذربائیجان ،آرمینیا کے درمیان طے پانےوالے تاریخی امن معاہدے پر صدر علیوف ، آذربائیجان کے عوام کو مبارک باد دی۔

شہباز شریف نے آذربائیجان ،آرمینیا کے درمیان 3دہائیوں پرانے تنازع کو پرامن انجام تک پہنچانے اور قفقاز کے علاقے کےلئے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنے میں صدر الہام علیوف کے بصیرت انگیز کردار کی تعریف کی،تاریخی معاہدے کو منطقی بنانے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو خاص طور پر سراہا،آذربائیجان کے صدر علیوف نے کاراباخ کے معاملے پر آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ و مسلسل حمایت کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا پاکستانی عوام بنیادی مسئلے پر اپنے آذربائیجانی بھائیوں و بہنوں کے ساتھ ہیں ،خوش آئند ہے صدر الہام علیوف کی جرات مندانہ ،مدبرانہ قیادت میں خطے میں بالآخر امن قائم ہو گیا۔

صدر علیوف نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا خطے میں پرامن ماحول سے پاکستان ،وسطی ایشیا کے درمیان ترقی ،روابط بڑھانے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعاون کے مثبت انداز پر اطمینان اظہار کیا، وزیر اعظم نے صدر الہام علیوف کو جلد ہی پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔