اسرائیلی کابینہ کا فیصلہ خطے میں ا من کاامکان ختم کردےگا،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے برآمدات کے ہدف3.8ارب ڈالر کے حصول کی پذیرائی اور 30ارب ڈالر ہدف عبور کرنے کیلئے آئندہ برسوں کے سالانہ اہداف و درکار اقدامات پر جامع لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاپاکستان کی ڈیجیٹائیزیشن سے معیشت کی ترقی اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں،آئی ٹی برآمدات کو 30ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے پورا ڈیجیٹل ایکو سسٹم اورانفراسٹرکچر متعارف کرائینگے،این آئی ٹی بی کے بنیادی ڈھانچے کی ازسر نو تنظیم اور مارکیٹ سے بہترین افرادی قوت بھرتی کی جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا تمام اقدامات کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی اور ملکی آئی ٹی برآمدات کو آئندہ برسوں میں30ارب ڈالر پر پہنچانے کیلئے بتدریج سالانہ اضافے پر مبنی اہداف کا لائحہ پیش کیاجائے،اجلاس کوبریفنگ دی گئی مالی سال2025میں وزارت کے اقدامات کی بدولت آئی ٹی شعبے کی برآمدات نے 19فیصد نمو کےساتھ 3.8ارب ڈالر کا ہدف عبور کیا ،ملک میں فری لانسرز کی تعداد میں91فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا اسرائیلی کابینہ کی جانب سے غزہ شہر کا غیر قانونی و ناجائز کنٹرول حاصل کرنے کے منصوبے کی شدید مذمت کرتے ہیں،فیصلہ فلسطینی عوام کےخلاف پہلے سے جاری تباہ کن جنگ میں خطرناک اضافے کے مترادف ہے، فوجی کارروائیوں کی توسیع انسانی بحران کو مزید بگاڑ نے کےساتھ خطے میں امن کے کسی بھی امکان کو ختم کردے گی۔

شہبازشریف نے کہا المیے کی اصل وجوہات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کہ فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کا طویل، غیر قانونی قبضہ ہے اور جب تک قبضہ برقرار رہے گا امن خواب ہی رہے گا،پاکستان فلسطینی عوام کے اقوام متحدہ ،او آئی سی قراردادوں کے مطابق جائز حقوق، حق خود ارادیت اور فلسطین کی آزاد و خود مختار ریاست کے قیام کےلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

وزیر اعظم نے کہا عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کو فوری طور پر روکنے، بےگناہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور غزہ کے لوگوں تک اشد ضروری انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے فوری مداخلت کرے۔