نااہل کھلاڑی پارلیمنٹ سے آﺅٹ،اہم عہدوں،قائمہ کمیٹیوں سے فارغ

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار،اپنے رپورٹر سے)پی ٹی آئی کو ایک اور دھچکا،نااہل کھلاڑی پارلیمنٹ سے آﺅٹ،اپوزیشن لیڈرزسمیت اہم عہدوں،15قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ سے فارغ ،نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی قرار دےکرقائد حزب اختلاف کا چیمبر واپس لے لیا ،زرتاج گل کا پارلیمانی لیڈر ،احمد چٹھہ کا ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا عہدہ بھی خالی قرار دیدیا گیا،سیکرٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں عمر ایوب کو پبلک اکاﺅنٹس ، فنانس کمیٹی سے ڈی لسٹ کردیا ،نااہل7ارکین اسمبلی سے15قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت واپس لے لی گئی ۔

صاحبزادہ حامد رضا،زرتاج گل انسانی حقوق،رائے حسن نواز قائمہ کمیٹی ریلوے کی چیئرمین شپ سے ہاتھ دھو بیٹھے،سپیکر نے اسمبلی قواعد کے مطابق اراکین کی نااہلیت سے ایوان کو آگاہ کردیا،نئے قائد حزب اختلاف کےلئے اپوزیشن و سپیکر کے درمیان مشاورت کا عمل دوبارہ شروع ہوگا۔

ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نئے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے،پی ٹی آئی آزاد اراکین کو پارلیمانی لیڈر،ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کےلئے دوبارہ نام دینا ہوں گے۔

دریں اثناسینٹ میں شبلی فراز کو ڈی نوٹیفائی کرکے اپوزیشن لیڈر کی نشست خالی قرار دےدی گئی،پی ٹی آئی رہنما پبلک اکاونٹس کمیٹی کی رکنیت سے بھی فارغ ہوگئے۔

ادھر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے نااہل اراکین سے سرکاری گاڑیاں و کمیٹی چیئرمین کا عہدہ واپس لے لیا گیا،ملک احمد خان بھچر اور جنید افضل ساہی کو3روز میں سرکاری گاڑیاں واپس دینے کی ہدایت کر دی گئی،جنید افضل ساہی کا سابق چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی انڈسٹریز، کامرس اینڈ انویسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے عہدہ ختم ہوگیا،اسمبلی قوانین کے تحت عہدہ چھوڑنے پر 3روز میں سرکاری گاڑی واپس کرنا لازم ہے،اسمبلی سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔