نیول چیف کیلئے ترک مسلح افواج کا ”لیجن آف میرٹ“ ایوارڈ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ترکیہ کا سرکاری دورہ کیا، ترک مسلح افواج کی جانب سے اعلیٰ عسکری اعزاز”لیجن آف میرٹ“ سے نوازا گیا۔

اعزاز ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجمینت تطلی اوغلو نے پیش کیا جو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات و بحری تعاون کو فروغ دینے میں ایڈمرل نوید اشرف کی خدمات کا اعتراف ہے،ترک بحریہ کے ہیڈکوارٹر آمد پر ایڈمرل نوید اشرف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا بعد ازاںکمانڈر ترک نیوی ایڈمرل ارجمینت تطلی اوغلو سے ملاقات کی،دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف آف دی نیول سٹاف نے ترک وزیر دفاع یاسر گولر، چیف آف جنرل سٹاف جنرل متین گورک اور کمانڈر ترک نیوی فلیٹ ایڈمرل قادر یلدز سے بھی ملاقاتیں کیں،علاقائی میری ٹائم سکیورٹی ،دفاعی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی، ایڈمرل نوید اشرف نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشترکہ مشقوں، باہمی دوروں ،تربیتی و تبادلہ پروگراموں کے ذریعے روابط بڑھانے پر زور دیا۔

بعد ازاں چیف آف دی نیول سٹاف نے استنبول نیول شپ یارڈ کا دورہ کیا، پاکستان نیوی کے ملجم پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،نیول چیف نے گولچک نیول بیس کا بھی دورہ کیا، آبدوزوں کے جدید ڈیزائن ، تعمیراتی صلاحیتوں سے آگاہ کیا گیا،چیف آف دی نیول سٹاف نے ترک نیوی کے جنگی جہاز TCG ORUCREIS اور آبدوز S/M PIRIREIS کا معائنہ ، ترکی کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) کا بھی دورہ کیا،نارتھ سی ایریا کے کمانڈر سے ملاقات کی ،ترکی کے بانی مصطفی کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی،ایڈمرل نوید اشرف کا دورہ پاکستان ،ترکیہ کے درمیان دیرینہ، ثقافتی و عسکری تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرےگا۔