ٹیکس کلیکشن اہداف کےلئے وفاق ،صوبوں کو مشترکہ کام کرنا ہوگا،وزیراعظم


اسلام آباد :(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے ٹیکس کلیکشن اہداف حاصل کرنے کےلئے وفاق ،صوبوں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا،ایف بی آر میں اصلاحات سے ٹیکس کلیکشن میں بہتری قابل اطمینان و خوش آئند ہے ، کسٹم کلیئرنس میں ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے۔

شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحاتی عمل کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا، ٹیکس اصلاحات ، کسٹم کلیئرنس کے نظام میں بہتری پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے ایف بی آر میں جاری اصلاحات کو مستقل و موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ادارہ جاتی رکاوٹوں ، سرخ فیتے کا خاتمہ ضروری ہے، کسٹم کلیئرنس میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے تاکہ کارروائیوں میں وقت کی بچت ہو، اور اصلاحاتی اقدامات کو پورے ملک میں یکساں طور پر نافذ کیا جا سکے،ٹیکس کلیکشن کے اہداف حاصل کرنے کےلئے وفاق ،صوبوں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا، پہلے سے عائد ٹیکسز کے موثر نفاذ سے کلیکشن میں مزید بہتری آئے گی، ٹیکس اصلاحات پرعوامی آگاہی بڑھانے کےلئے وزارت اطلاعات و نشریات کی مدد سے ایف بی آر ، کسٹمز اپنی صلاحیت میں اضافہ کریں۔