فی الحال کوئی بیک ڈور ڈائیلاگ نہیں چل رہا: بیرسٹر گوہر


راولپنڈی:(بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے فی الوقت کسی قسم کا کوئی بیک ڈور ڈائیلاگ نہیں چل رہا۔

اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا میرا ہمیشہ موقف رہا ہے سیاسی جدوجہد میں سارے آپشنز کھلے ہونے چاہئیں اور کوشش ہے مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھے جن لوگوں سے بات چیت ہونی چاہیے کوشش ہے انہی سے بات ہو، مذاکرات سے بھی راہ فرار اختیار نہیں کیا ،بانی نے ہمیشہ مذاکرات کا کہا، بانی سے اسیران کے خط اور پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ہونے والی گفتگو پر بات کروں گا۔

عمران خان سے ملاقات کے بعدصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا خان صاحب سے اڈیالہ جیل میں ایک ماہ کے بعد ملاقات ہوئی ، بہت سارے معاملات پر بات چیت ہوئی ، جب آئسولیٹ کر دیا جائے اخبار نہ دیا جائے ملاقات کرنے کی اجازت نہ دی جائے تو بہت سارے معاملات زیر بحث آجاتے ہیں، بہت ساری اہم بات چیت ہوئی جو میں نہیں بتاسکتا۔