ایران،اسرائیل سیز فائر کے پیچھے بھی وردی،بھارت کیخلاف جنگ میں غیبی مدد آئی،محسن نقوی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہے بھارت کیخلاف جنگ میں غیبی مدد آئی،ایران اسرائیل کے درمیان سیزفائر میں وزیراعظم کا اہم کردار، جنگ بندی کے پیچھے بھی وردی ہے، سیزفائر پر پاکستان کو فخر کرنا چاہیے۔

محسن نقوی نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کےساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا قیام امن میں علما کرام نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو ساتھ لےکر چلیں، اپنا مسلک چھوڑو نہ کسی کا چھیڑو کے سنہرے اصول کو پورے پاکستان میں پھیلانا چاہیے،قیام امن حکومت کی ترجیح ،محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کا فروغ انتہائی ضروری ہے، بھارتی حملوں کے دوران پاکستان کو غیبی مدد ملی، بھارت نے ایک بیس پر 11 میزائل فائرکیے، 9 یا 11 طیارے موجود تھے مگر تمام میزائل بیس سے باہر گرے اور کسی طیارے کونقصان نہیں پہنچا۔

محسن نقوی نے کہا نہیں چاہتے تھے بھارت کی شہری آبادی پرحملہ کریں مگر پاکستان نے میزائل فائر کیے تو ایک فائرکرتے وقت فرق آگیا، پریشانی ہوئی میزائل تو آبادی پر گرجائےگا لیکن اللہ کی طرف سے مدد آئی اور وہی میزائل بھارت کے سب سے بڑے آئل ڈپوپرلگا، 2مثالیں غیبی مددکو بالکل ثابت کرتی ہیں،بھارتی حملے کے وقت آرمی چیف ڈٹ کر کھڑے رہے اور واضح کیا دشمن کو 4گنا زیادہ بھگتنا پڑے گا، اللہ کی نصرت سے بھارت کےخلاف جنگ میں فتح ملی،فتح کے بعد یوم آزادی 4 گنا زیادہ منا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا خیبرپختونخوا کے جن علاقوں میں دہشتگردی زیادہ ہے وہاں علما سے بات چیت کرنا ضروری ہے، مقامی لوگوں کی مدد کے بغیر دہشتگردی ختم نہیں ہوسکتی،ایران ،اسرائیل کے درمیان سیز فائرمیں وزیراعظم کا اہم کردار ہے، جنگ بندی کے پیچھے بھی وردی ہے،دنیا کو اتحاد کا پیغام دینے کےلئے تمام مکاتب فکر کے علما14 اگست کے دن فیصل مسجد میں اکٹھے نماز ادا کرےں،میں اور وزیر مملکت داخلہ خود دعوت نامے پہنچائیں گے، اجتماع میں حکومت کی جانب سے بھی بھر پور نمائندگی ہو گی۔

محسن نقوی نے کہاخواہش ہے اگلا اجلاس خیبر پختونخوا میں رکھیں اور تمام علمائے کرام کو ساتھ بٹھائیں،ملکر دہشتگردی کاخاتمہ کرکے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا علما نے پورے پاکستان میں اپنا فرض بہترین انداز میں نبھایا، دہشتگردی کے خاتمے میں اپنا کردار زیادہ سے زیادہ ادا کریں، سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کےخلاف نبردآزما ہیں،کسی نفرت، فرقہ واریت یا دشمن کے ایجنڈے کا شکار نہیں ہونا، سب کو متحد رہنا ہے۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا مذہبی ہم آہنگی، رواداری کیلئے پاکستان نے عظیم کردار پیش کیا،آپریشن بنیان المرصوص میں کامیابی ملی،بھارت جیسے جھوٹے اور مکار ملک نے الزام لگایا اور جارحیت کو مسلط کیا،حکومت ،افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا،ایران ،اسرائیل جنگ میں پاکستان کا کردار بھی بہت روشن ہے،محرم میں سب مراحل امن وعافیت کےساتھ چل رہے ہیں، دشمن بہت عیار ہے، اپنے مسلک کو چھوڑو مت اور کسی کے مسلک کو چھیڑو مت۔