ہر سوال کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں، بدتمیزی کی اجازت نہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور (اپنے نمائندے سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ہم ہر ایک سوال کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں، بدتمیزی اور بے ہودگی کی بالکل بھی اجازت نہیں،یہ نہ خود پڑھے لکھے ہیں، نہ سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا جو لوگ خود سر سے پاﺅں تک کرپشن میں ملوث ہیں، وہ آج ہم سے سوالات کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت کی تاحال کوئی آڈٹ رپورٹ سامنے نہیں آئی لیکن سیاسی مخالفین جان بوجھ کر سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کر رہے ہیں،وزیر اطلاعات پنجاب نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا وہاں گزشتہ 12سال سے ایک مہاتما کی پارٹی اقتدار میں ہے اور کرپشن کی لمبی چوڑی داستانیں موجود ہیں، انہوں نے سوات واقعہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی لیکن ہم نے کبھی لاشوں پر سیاست نہیں کی، یہ لوگ خود سیاسی گدھ ہیں،پی ٹی آئی کے دور حکومت کے پہلے سال میں 40وزارتوں اور محکموں میں 270ارب روپے کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں جبکہ جعلی رسیدوں کا انکشاف بھی ہوا، بلین ٹری سونامی اور توشہ خانہ جیسے منصوبے بھی کرپشن سے بھرپور تھے اور اب وہی لوگ ہمیں جوابدہی کا کہہ رہے ہیں،پنجاب میں صحت کے شعبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے واضح کیا تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج جاری ہے اور صحت کارڈ بند نہیں کیا گیا، نجی ہسپتال صحت کارڈ کا غلط استعمال کر رہے ہیں ۔