میرعلی میں خودکش حملہ،13جوان شہید،14خوارج جہنم واصل ،ہر سہولت کار کو پکڑیں گے،سیدعاصم منیر

راولپنڈی ،اسلام آباد،پشاور،بنوں،لوئردیر:(بیورورپورٹ)میر علی میں خودکش حملہ،13جوان شہید،سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں14خوارج کو جہنم واصل کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کام کرنےوالے دہشتگرد گروہ فتنہ الخوارج نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بزدلانہ حملہ کیا،حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سکیورٹی فورسز کے قافلے سے ٹکرانے کی کوشش کی تو قافلے کے آگے موجود دستے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مذموم منصوبے کو ناکام بنایا، مایوسی کے عالم میں خوارج نے بارود سے بھری گاڑی قافلے کے اگلے دستے کی گاڑی سے ٹکرا دی،خود کش حملے میں 13 بہادر سپوت مادر وطن پر قربان ،2بچوں ، خاتون سمیت 3 شہری شدید زخمی ہوگئے۔

شہدا میں صوبیدار زاہد اقبال، حوالدار سہراب خان ، حوالدار میاں یوسف ، نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل، سپاہی روحیل، رمضان، نواب، زبیر احمد،سخی، ہاشم عباسی اور سپاہہ منظر علی شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا حملہ دہشتگرد ریاست بھارت کے آلہ کار گروہ فتنہ الخوارج کے ذریعے کیا گیا،سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کے دوران خوارج کا تعاقب کیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 خوارج کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا بزدلانہ حملے کے ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بھارتی سرپرستی میں ہونےوالی دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں ،بےگناہ شہریوں کی قربانیاں ملک کے تحفظ کےلئے غیرمتزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہیں، ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع جاری رکھیں گے۔

دریں اثنا چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا ،ملکی سکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد دہشتگردی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی،فیلڈ مارشل نے بنوں گیریژن میں شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت اور سی ایم ایچ میں زیر علاج زخمی جوانوں کی عیادت کی، مادر وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کےخلاف سکیورٹی فورسز کی جرات و بہادری کو سراہا۔

سیدعاصم منیر نے کہا پوری قوم دہشتگردی کےخلاف متحد ہے ، دہشتگردی کی ہر شکل و صورت کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، دہشتگردی میں ملوث ہر سہولت کار، مددگار اور مجرم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، چاہے وہ کوئی بھی ہو اور کہیں بھی ہو، خطے میں دہشتگردی کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کسی بھی بےگناہ پاکستانی کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا اور ملکی استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا فوری اور سخت جواب دینگے،خیبرپختونخوا پولیس سمیت سول قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے،متعلقہ سرکاری ادارے فوری اقدامات کریں، پاک فوج قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی تربیت و استعداد میں اضافے کےلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

ادھر صدر،وزیراعظم ،وزیر داخلہ ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے خودکش حملے میں13جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا شہدا نے جانوں کا نذرانہ دےکر مادر وطن کے تحفظ کو یقینی بنایا،قوم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، دفاع وطن کی راہ میں جان قربان کرنے والے اصل ہیرو ہیں، بزدلانہ حملہ قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتا،پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، قوم جوانوں کی انمٹ قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی،بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرکے دم لیں گے، خون کے ہر قطرے کا حساب لیاجائےگا۔

دوسری جانب لوئر دیر میں کباڑ کے گودام میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق،3زخمی ہو گئے،مرنے والوں کی کی شناحت روئیداد، امین اور ہارون کے نام سے ہوئی ،علاقے میں شدیدخوف و ہراس پھیل گیا ،سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لےکرسرچ آپریشن شروع کردیا۔