3ججز کاتبادلہ آئینی ہے،سپریم کورٹ،سنیارٹی کامعاملہ صدر کوواپس


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3ججز کاتبادلہ آئینی،سنیارٹی کامعاملہ صدر کوواپس،سپریم کورٹ نے 3-2سے فیصلہ سنادیا۔

جسٹس علی مظہر، شاہد بلال حسن اور صلاح الدین کا اکثریتی فیصلے سے اتفاق ،جسٹس نعیم اختر ،شکیل احمد نے اختلاف کیا۔

عدالت نے 5ججز کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے کہا تینوں ججز کا تبادلہ درست ہے،ججز ٹرانسفر کو نئی تقرری قرار دیا نہیں جاسکتا،سنیارٹی کا معاملہ صدر کو واپس ریمانڈ کردیا،ججز تبادلے کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار نہیں دے رہے، صدر مملکت سنیارٹی کے معاملے کو جتنی جلد ممکن ہو طے کریں جب تک صدر مملکت سنیارٹی طے نہیں کرتے قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر ہی امور سرانجام دیتے رہیں گے۔

اکثریتی فیصلے میں کہا گیا صدر کا ججز کے تبادلے کا آرٹیکل 200کے تحت اختیار کسی قانون سے مشروط نہیں، قانون کا کوئی سیکشن آرٹیکل 200کے اختیار کو سپر سیڈ نہیں کرسکتا،آرٹیکل 200میں ججز کے تبادلے کا پورا میکنزم دیا گیا،جج اگر رضامندی نہ دے تو تبادلے کا عمل وہیں ختم ہوجاتا ہے، جج کی رضا مندی کے بعد چیف جسٹس صاحبان سے مشاورت کا آئین میں کہا گیا،ججز کے ٹرانسفر سے عدلیہ کی آزادی کمپرومائز نہیں ہوتی، تبادلے کو تسلیم کرنا یا مسترد کرنا عدلیہ کے ہاتھ میں ہے۔

عدالت نے فیصلے میں کہاآرٹیکل 200 کی ذیلی شق (1) کے تحت صدر کو جج کو ایک ہائی کورٹ سے دوسری ہائیکورٹ میں منتقل کرنے کے جو اختیارات حاصل ہیں وہ آرٹیکل 175-A کے تحت سپریم کورٹ، ہائیکورٹس اور وفاقی شرعی عدالت میں ججوں کی تقرری کےلئے عدالتی کمیشن کے اختیارات سے بالکل الگ ، مختلف ہیں۔

فیصلے کے مطابق دونوں علیحدہ شقیں مختلف حالات ،نکات سے متعلق ہیںایک دوسرے پر سبقت رکھتی ہیں اور نہ ہی ایک دوسرے کو ختم کرتی ہیں،آرٹیکل 200 کے تحت جج کا (عارضی یا مستقل) تبادلہ نئی تقرری تصور نہیں کی جاسکتی،صدر کو اختیار آئین سازوں نے دیا ،سوال نہیں اٹھایا جا سکتا اگر اسلام آباد ہائیکورٹ میں آسامی خالی تھی تو جوڈیشل کمیشن کے ذریعے نئی تقرری سے کیوں نہ پر کیا گیا۔

اکثریتی فیصلے کے مطابق اہم نکتہ یہ بھی ہے ایک ہائیکورٹ سے دوسری ہائیکورٹ میں جج کا تبادلہ صرف اسی وقت ممکن ہے جب منظور شدہ تعداد کے اندر ہو اور تبادلہ سمجھا جائےگا نئی تقرری نہیں،دیانتداری سے دیکھا جائے تو اگر فرض کر لیا جائے تمام آسامیاں صرف جوڈیشل کمیشن کے ذریعے نئی تقرریوں سے پر ہونی چاہئیں تو یہ نہ صرف آئین سازوں کی منشا کےخلاف ہوگا بلکہ آرٹیکل 200 کو غیر مو¿ثر بنانے کے مترادف بھی ہوگا،آرٹیکل 200 کا اطلاق صرف ججوں کے تبادلے (عارضی یا مستقل) پر ہوتا ہے جبکہ ججوں کی تقرری جوڈیشل کمیشن کے دائرہ اختیار میں آتی ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ ایکٹ 2010 کے سیکشن 3 کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک چیف جسٹس اور 12 جج صاحبان مختلف صوبوں و علاقوں سے مقرر کیے جا سکتے ہیں۔

عدالت نے فیصلے میں کہالازم نہیں کوئی جج صرف نئی تقرری کے ذریعے ہی اسلام آباد ہائی کورٹ میں شامل ہو، آرٹیکل 200 تبادلے کو کور کرتا ہے اور یہ سمجھنا اسلام آباد ہائی کورٹ میں تقرری صرف نئی تقرری سے ممکن ہے آئین کی روح کےخلاف ہوگا،ہائی کورٹ ایکٹ کی دفعہ 3 آئینی اختیار پر فوقیت رکھ سکتی نہ ہی صدر کو آرٹیکل 200 کے تحت حاصل اختیارات کو کالعدم یا محدود کر سکتی ہے،آرٹیکل 200 کے تحت صدر کو ججوں کے تبادلے کے اختیارات غیر محدود یا بے قاعدہ نہیں ۔

اکثریتی فیصلے میں مزید کہا گیا ججز تبادلے کے عمل میں 4 مراحل پر جوڈیشل سائیڈ سے رائے آتی ہے، کوئی بھی جج تب تک ٹرانسفر نہیں ہو سکتا جب تک رضامند نہ ہو، صدر کو چیف جسٹس اور متعلقہ دونوں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان سے مشاورت کرنا لازم ہے اگر کسی مرحلے پر متعلقہ عدالت تبادلے کی تجویز کو مسترد کر دے تو معاملہ ختم سمجھا جائےگا،جج کی رضامندی کی صورت میں بھی صدر کو2متعلقہ ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور چیف جسٹس سے مشورہ کرنا لازم ہے۔

جسٹس نعیم اختر افغان اور شکیل احمد نے اپنے اختلافی فیصلے میں کہا تبادلے کےخلاف درخواستیں منظور ،نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیا جاتا ہے، صدر مملکت کو عدلیہ کی آزادی میں مداخلت کا اختیار نہیں،آئینی خلاف ورزی کی گئی،آئین تبادلہ ہو کر آئے ججز کو مستقل طور ہائیکورٹ کا جج بنانے کی اجازت نہیں دیتا، تبادلہ ہو کر آئے ججز کےلئے کوئی وقت مقرر کرنا ہوتا ہے،ججز کا تبادلہ جلد بازی میں کیا گیا ،وجوہات بھی نہیں دی گئیں، تبادلہ بدنیتی پر مبنی تھا،اختلافی فیصلہ جسٹس نعیم اختر افغان نے پڑھ کر سنایا، اختتام پر شعر بھی پڑھا،دامن پہ کوئی چھینٹ نہ خنجر پہ کوئی داغ ،تم قتل کرو ہو کہ کرامات کرو ہو۔