بلوچستان پاکستان کی لائف لائن، فتنہ الہندوستان کا ہر قیمت پر خاتمہ کرینگے،عطا تارڑ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے بلوچستان پاکستان کی لائف لائن ہے، فتنہ الہندوستان کا ہر قیمت پر خاتمہ کرینگے، امن و استحکام کا عمل آگے بڑھائیں گے، مٹھی بھر دہشتگردوں کی مذموم کوششیں ناکام ہوں گی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا پاکستان نے ذمہ داری کے ساتھ بھارتی جارحیت کا جواب دیا، بھارتی بیانیے کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حکمت عملی سے کامیابی ملی،عسکری ہی نہیں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی بھارت کو شکست دی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ٹیم نے جانفشانی میں کام کیا، وزیراعظم نے عالمی سطح پر پاکستان کا مو¿قف بھرپور انداز میں لڑا۔

وزیر اطلاعات نے کہابھارتی میڈیا نے جھوٹ ،فیک نیوز کا سہارا لیا، پاکستانی میڈیا نے مثبت کردار ادا کیا، کشیدہ صورتحال میں پاکستانی قوم نے بھرپور اتحاد و یکجہتی دکھائی،معرکہ حق ،آپریشن بنیان مرصوص کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،بلوچستان میں فتنہ الہندوستان دہشتگردی میں ملوث ہے، بھارتی نیوی کا حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن بلوچستان سے پکڑا گیا، افواج پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے،بھارت پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں دہشتگردی میں ملوث ہے، بھارتی دہشتگردی کینیڈا، امریکہ اور آسٹریلیا تک پہنچ چکی، دوسرے ملکوں میں دہشتگردی بھارتی ریاستی پالیسی ہے، بھارت نے دہشت گردی کو اپنی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ بنالیا۔

عطا تارڑ نے کہاپوری دنیا نے دیکھا جعفر ایکسپریس کے معاملے پر بھارت جشن منارہا تھا، جعفر ایکسپریس واقعہ کے بعد بھارتی میڈیا نے دہشت گردوں کو خصوصی کوریج دی، خضدار میں دہشتگردی کے واقعہ میں معصوم بچوں کو نقصان پہنچایا گیا،نریندر مودی نے 1971 میں مکتی باہنی کی حمایت کا اعتراف کیا، مودی بار بار تقاریر میں بلوچستان کا نام لے رہا ہے، بلوچستان کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کےلئے بھارت پروپیگنڈا کررہا ہے،روایتی جنگ کی طرح بھارتی پراکسیز کو بھی شکست ہوگی۔