لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے عوام نے سمبڑیال کے ضمنی الیکشن میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی خدمت کی سیاست کو ووٹ دیا،پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاسمبڑیال، پنجاب اور پورے پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، سمبڑیال ضمنی الیکشن میں گالی گلوچ، فتنہ فساد کا بیانیہ مسترد ہو گیا، عوام نے تخریب کاروں کے بیانیے کو مسترد کر دیا، میری پریس کانفرنس سے پہلے ایک رونے دھونے کا پروگرام ہوا ، سلمان اکرم راجہ ایک معزز وکیل، ایک پارٹی کے سیکرٹری جنرل ہیں، پہلے بھی یہ باہر نکلنے کی کال پر گاڑی میں بیٹھ کر ویڈیو بناتے رہے، مریدکے الیکشن میں بھی ن لیگ نے واضح برتری حاصل کی تھی، پچھلی بار سمبڑیال کی یہ سیٹ 10 ہزار کی برتری سے جیتی گئی تھی،وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا 90 فیصد تو بانی کو تب ووٹ نہیں پڑے جب وہ الیکٹ ہوئے تھے، ان کو سوشل میڈیا پر جیتنے اور بڑھکیں مارنے کی عادت ہے، ان کی کال پر پنجاب سے ایک چڑیا باہر نہیں نکلتی لیکن خیبرپختونخوا سے سرکاری ملازم باہر نکل آتے ہیں، ان کو آج مکافات عمل بھگتنا پڑ رہا ہے، ن لیگ نے اس بار یہ سیٹ 38 ہزار کی برتری سے حاصل کی ہے،عید قربان پر سکیورٹی پلان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب کی 27 ہزار 74 مساجد اور 800 کھلے مقامات پر عیدالاضحی کی نماز ادا کی جائے گی، 43 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، 10 ہزار 464 کیمروں کے ذریعے سرویلنس کی جائے گی، پنجاب میں 230 مویشی منڈیاں قائم ہیں، مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 4 ہزار سے زائد افسران تعینات ہیں۔
سمبڑیال ضمنی الیکشن میں گالی گلوچ، فتنہ فساد کا بیانیہ مسترد ہو گیا:عظمیٰ بخاری



















