ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے جمہوری قوتوں کو اتفاق رائے سے چلنا ہو گا،صدر مملکت


لاہور: (سٹاف رپورٹر ) صدرمملکت آصف زرداری نے کہا ہے پاکستان کو سیاسی استحکام اور قومی اتفاق رائے کی اشد ضرورت ہے، ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام جمہوری قوتوں کو اکٹھے اور اتفاق رائے سے چلنا ہو گا،جمہوریت اور عوامی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گورنر ہاوس میں پیپلز پارٹی کے صوبائی قائدین اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں صدر مملکت سے ملاقات کرنے والے وفد میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ، چوہدری اسلم گل، مہر ارشاد سیال اور دیگر شامل تھے، ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین بھی موجود تھے،ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال، آئندہ بجٹ اور پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر زرداری نے اپنا موقف ایک بار پھر دہرایا جمہوریت اور عوامی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے، عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی زندگی میں آسانی پیدا کرنے کیلئے ہر فرد اور مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، صدر مملکت نے گورنر ہاوس میں مصروف دن گزارا، ممبر قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی، پیپلز پارٹی کے بانی کارکن عارف خان، چودھری ذکاءاشرف، ممبر صوبائی اسمبلی بیگم رانا ناصرہ شوکت، ڈاکٹر فرید الزکریا، اور پروفیسر کریم سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی صدر سے ملاقات کی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان بھی تمام ملاقاتوں میں موجود رہے، ملاقات میں معاشرتی ترقی، تعلیم، خواتین کے کردار، اور قومی یکجہتی جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفود سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا جمہوریت قومی شناخت کا بنیادی ستون ہے، پارلیمانی اقدار، قانون کی حکمرانی اور عوامی شمولیت کو مستحکم بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، منتخب نمائندوں اور سیاسی کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام سے رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کریں، ثمینہ خالد گھرکی نے صدر کو اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا اور مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔

دریں اثنا صدر مملکت آصف زرداری سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے محافظ محمد شفیق گوگا شہید کی صاحبزادی اور معروف صحافی مائرہ ہاشمی نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ خصوصی ملاقات کی، ملاقات میں شہدا کے بچوں کو پارٹی میں متحرک کرنے پر تبادلہ خیال ہوا ۔

صدر زرداری نے کہا شہدا کی فیملیز پیپلز پارٹی کا سرمایہ ہیں کسی بھی تنظیم کی اصل طاقت مخلص کارکن ہی ہوتے ہیں ، ہر مشکل وقت میں اپنے جانثار کارکنوں کے ساتھ کھڑے ہیں،مائرہ ہاشمی پیپلز پارٹی کا قیمتی اثاثہ اور نئی نسل کی نمائندہ ہیں۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور نواب شہزاد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا ملکی ترقی کے لیے جدید اور پائیدار مواصلاتی نظام ناگزیر ہے،ترقیاتی منصوبے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کی رفتار تیز کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔