پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خاموشی، جعلی، مضر صحت مشروبات کی بھرمار

لاہور (خبر نگار) گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت لاہور میں جعلی مضر صحت اور غیر معیاری مشروبات کی بھرمار نے انسانی زندگیوں کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ شہر کے گلی کوچے، بازار اور سڑک کنارے ٹھیلوں پر بیچے جانے والے رنگ برنگے مشروبات زہر کا پیالہ ثابت ہو رہے ہیں، مگر افسوس کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اس ”کیمیکل وار“ کے سامنے بے بس نظر آ رہی ہے، فوڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر چھاپہ مار کارروائیوں کی تصویریں تو روز لگتی ہیں، مگر زمینی حقیقت یہ ہے کہ جعلی مشروبات کے بڑے نیٹ ورک پر ہاتھ ڈالنے کی جرا¿ت کوئی نہیں کرتا۔ ذرائع کے مطابق شہر بھر میں درجنوں غیر رجسٹرڈ کارخانے اور گودام سرگرم عمل ہیں، جہاں انتہائی گندے ماحول میں ناقابل استعمال کیمیکلز، رنگ اور مٹھاس سے مشروبات تیار کئے جا رہے ہیں۔ ان مشروبات میں نہ تو مٹھاس اصل ہوتی ہے اور نہ ہی پانی فلٹر ہوتا ہے۔ بعض مقامات پر تو گندے نالے کے پانی کو ابال کر استعمال کرنے کے انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ریکارڈ کے مطابق صرف گزشتہ دو ہفتوں میں لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں پیٹ کی خرابی، فوڈ پوائزننگ اور ہیضے کے سینکڑوں کیس رپورٹ ہوئے جن میں اکثریت نے بازار سے ٹھنڈا مشروب یا قلفی کھائی تھی۔ جہاں ایک طرف انسانی صحت تباہ ہو رہی ہے وہیں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی ایک خاموش تماشائی سے زیادہ کچھ نہیں۔ اتھارٹی کی جانب سے نہ تو مو¿ثر چھاپے، نہ مستقل کریک ڈاو¿ن اور نہ ہی مستقل نگرانی کا کوئی نظام دکھائی دیتا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ یہ جعلی مشروبات بنانے والے گروہ کئی علاقوں میں پولیس کی پشت پناہی کے باعث قانون کی گرفت سے آزاد ہیں۔ لاہور کے مختلف علاقے بند روڈ، شاہدرہ، کاہنہ، بادامی باغ، کوٹ لکھپت ور دیگر گنجان آبادیوں میں ایسے درجنوں غیرقانونی کارخانے دن رات کام کر رہے ہیں جہاں رنگ، کیمیکل، خوشبو اور ناقابل استعمال پانی سے جعلی بوتلیں، شربت اور کولڈ ڈرنکس بنائی جا رہی ہیں۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ کئی غیرقانونی فیکٹریوں کو سیاسی سرپرستی، پولیس کی پشت پناہی اور فوڈ افسران کی ”چشم پوشی“ حاصل ہے، گرمیوں میں مشروبات کی فروخت اربوں روپے کا کاروبار بن چکا ہے، جس پر اب جعلسازوں، فراڈیوں اور زہریلے تاجروں نے قبضہ جما لیا ہے۔ یہ صرف جعل سازی نہیں بلکہ ایک کھلی انسانی نسل کشی ہے، جسے روکنے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی مکمل ناکام دکھائی دے رہی ہے۔