دشمن پر ہر میدان میں برتری، بھارت 28،10مئی کبھی نہیں بھولے گا‘ عظمیٰ بخاری


لاہور: ( اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے 28مئی ملکی تاریخ کا سنہری و ناقابل فراموش دن اورقوم کی سربلندی ،خودداری کی علامت بن چکا ۔

یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں عظمیٰ بخاری نے کہاقائد نوازشریف نے 28مئی 1998کو عالمی دباﺅ، معاشی پابندیوں ، امریکی آفرز کو مسترد کرتے ہوئے جرات مندانہ فیصلہ کیا ،ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنایا،امریکی دباﺅ کے جواب میں صاف ،دو ٹوک الفاظ میں ”ایبسلوٹلی ناٹ“کہہ کر قومی غیرت کا علم بلند کیا۔

وزیراطلاعات نے کہانوازشریف نے ملکی خودمختاری کو ہر چیز پر مقدم رکھتے ہوئے بھارت کے غرور کو خاک میں ملایا ،پاک افواج ہر میدان میں دشمن پر برتری حاصل کر رہی ہیں،بڑے بھائی نواز شریف نے بھارت کے غرور کو توڑا ،دوسرے بھائی شہباز شریف نے دھول چٹا ئی۔

عظمیٰ بخاری نے کہانوازشریف نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کےلئے قابل فخر رہنما ہیں، ہر مشکل گھڑی میں ملکی مفاد کو ترجیح دی اور دنیا کو باور کرایا پاکستان خوددار ،خودمختار ملک ہے۔