اسلام آباد:(بیورورپورٹ)مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نظرثانی کیس کے دوران آئینی بنچ نے ریمارکس دیئے امیدوار پی ٹی آئی میں رہتے تو مسئلہ نہ ہوتا، سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 11 رکنی آئینی بنچ نے کیس پر سماعت کی،عدالتی کارروائی براہ راست سپریم کورٹ یوٹیوب چینل پر دکھائی گئی، 12 جولائی کے فیصلے سے متاثرہ خواتین کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل دئیے۔
جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کیا سنی اتحاد کونسل نے الیکشن میں حصہ لیا، کیا سنی اتحاد کونسل پارلیمنٹ کا حصہ تھی، آزاد اراکین پارلیمنٹ میں موجود ہونےوالی جماعت کوجوائن کرتے ہیں ،وکیل مخدوم علی خان نے موقف اپنایا آزاد اراکین جیت کر سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے ، سنی اتحاد کونسل نے عام الیکشن لڑا ہی نہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں تھی۔
مخدوم علی خان نے کہا سنی اتحاد کونسل کی اپیل کو 13ججز نے متفقہ طور پر مسترد کیا، مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کو ڈی ٹیفائی کر دیا گیا، ڈی نوٹیفائی کرنے سے قبل کوئی نوٹس نہیں ،جسٹس علی مظہر نے کہا عدالت نے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا ، مخدوم علی خان نے کہا سنی اتحاد کونسل عدالت کے سامنے آرٹیکل 185/3 میں آئی تھی ،جسٹس علی مظہر ریمارکس دئیے عدالت کے سامنے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن تھا،وکیل مخدوم علی خان نے کہانوٹیفکیشن سے اگر کوئی متاثرہ ہوتا تو عدالت کو نوٹس کرنا چاہیے تھا، آرٹیکل 225 کے تحت کسی الیکشن پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے آرٹیکل 225 کا کیس میں اطلاق کیسے ہوتا ہے۔
جسٹس علی مظہر نے کہا معاملہ مخصوص نشستوں کا تھا، مخصوص سیٹیں متناسب نمائندگی پر الاٹ ہوتی ہیں،مخدوم علی خان نے کہا مخصوص نشستوں کی فہرستیں الیکشن سے قبل جمع ہوتی ہیں، کاغذات نامزدگی پر غلطی پر معاملہ ٹریبونل کے سامنے جاتا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آپ کی بات مان لیں تو پشاور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار نہیں تھا،مخدوم علی خان نے کہا تب مخصوص اراکین کے نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوئے تھے، عدالتی فیصلے موجود ہیں آئین و قانون سے برعکس فیصلہ ناقص ہوگا، عدالت کی ذمہ داری ہے غلطی کو درست کیا جائے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے اگر اکثریتی ججز سمجھیں فیصلہ ،نظر ثانی درست ہے اگر ایسی صورتحال بنے تو کیا ہوگا۔
مخدوم علی خان نے کہا ایسی صورت میں نظر ثانی مسترد ہو جائے گی، آئین کا آرٹیکل 187 کوئی دائرہ اختیار نہیں ، مکمل انصاف آئین کی پرویژن ہے جس میں سپریم کورٹ کسی تنازع پر مکمل انصاف کرتی ہے، مکمل انصاف کا اختیار استعمال کرکے تیسرے فریق جو عدالت کے سامنے نہ ہو ریلیف نہیں دیا جاسکتا،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے یہ سپریم کورٹ ہے سول کورٹ نہیں، مخدوم علی خان نے موقف اپنایا عدالت مالک مکان اور کرایہ دار کے تنازع پر 185/3 کی اپیل سنے اور مکمل انصاف کرکے تیسرے فریق کو ریلیف دے؟۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کرایہ دار اور مالک مکان کا تنازع ذاتی نوعیت کا ہے یہاں عوام کے حق رائے دہی کا معاملہ تھا،مخدوم علی خان نے کہااپنے اقلیتی فیصلے میں جسٹس یحییٰ آفریدی نے لکھا مکمل انصاف کا اختیار استعمال کرنا خطرناک ہوسکتا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے لکھا مکمل اختیار اہم معاملہ ہے، احتیاط سے استعمال کیا جائے۔
مخدوم علی خان نے کہا چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے لکھا مکمل انصاف کا اختیار شفاف ٹرائل کو ختم کرسکتا ہے،جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دئیے میرے فیصلے میں 39لوگوں کو تحریک انصاف کا ڈکلیئر کرکے نشستیں دینے کا کہا گیا تھا، کوئی فارمولہ نہیں تھا درمیان کا راستہ چنا جائے، میں نے ساری رات جاگ کر دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لیا، دستیاب ریکارڈ کے مطابق پارٹی سرٹیفکیٹ اور وابستگی کے خانے میں 39 لوگوں نے پی ٹی آئی لکھا، کچھ کے سرٹیفکیٹ بھی نہیں تھے،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے یہ ریکارڈ عدالت کے سامنے نہیں تھا۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا ریکارڈ عدالت کی جانب سے الیکشن کمیشن سے مانگا گیا،مخدوم علی خان نے مو¿قف اپنایا اکثریتی فیصلے میں 39 لوگوں کو تحریک انصاف کا ڈکلیئر کیا گیا، 41 لوگوں کو وقت دیا گیا وہ 15 دن میں کسی سیاسی جماعت کو جوائن کریں،جسٹس نعیم افغان نے اکثریتی فیصلے پرلکھا آئین کو دوبارہ تحریر نہیں کیا جاسکتا، جسٹس جمال مندوخیل ،جسٹس یحییٰ آفریدی نے بھی لکھا ٹائم لائن کی قانونی شرائط پوری کرنا لازمی ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے انتخابی نشان نہ ہونے سے سیاسی جماعت ختم نہیں ہوتی، سیاسی جماعت الیکشن نہیں لڑتی امیدوار لڑتے ہیں، انتخابی نشان عوام کی آگاہی کیلئے ہوتاہے، انتخابی نشان نہ ہونے سے کسی کو انتخابات سے نہیں روکا جاسکتا،سنی اتحاد کونسل کی بجائے آزاد امیدوار اگر پی ٹی آئی میں رہتے تو مسئلہ نہ ہوتا، سنی اتحاد کونسل اپنے انتخابی نشان پر الیکشن لڑتی تو پھر بھی مسئلہ نہ ہوتا۔
جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے مخدوم علی خان صاحب! مجھے سمجھنے میں مسئلہ آ رہا ہے، سنی اتحاد کونسل تو ایک نشست بھی نہیں جیت سکی تھی، سنی اتحاد کے چیئرمین حامد رضا نے تو خود اپنی جماعت سے الیکشن نہیں لڑا، تحریک انصاف تو فریق بھی نہیں تھی پھر کیسے نشستیں دی جاسکتی ہیں،جسٹس امین الدین نے کہا عدالت نے طے کرنا جواب الجواب کا حق دینا ہے یا نہیں، بعدازاں عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔
سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں، آئینی بنچ



















