بھارت 20 سال سے ریاستی دہشت گردی میں ملوث ،خضدار حملہ فتنہ الہندوستان نے کیا، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: (بیورورپورٹ)پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے خضدار میں 21مئی کو فتنہ الہندوستان نے بھارت کے حکم پربچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا، فتنہ الہندوستان جان بوجھ کر معصوم اور نہتے پاکستانیوں کو نشانہ اور خطے میں امن کو سبوتاژ کررہا ہے ،2019میں بھی بھارتی دہشتگردی کے ثبوتوں سے بھرا ڈوزیئر اقوام متحدہ کو دیا گیا،بلوچ یکجہتی کمیٹی اور ماہ رنگ بلوچ بھارت کی پراکسیز ہیں جس طرح قوم بھارت کےخلاف جنگ میں ایک آہنی دیوار بن گئی تھی اسی طرح بھارتی پراکسیز کےخلاف بھی آہنی دیوار بن جانے کی ضرورت ہے،پاگل ہی ہوگا جو 24کروڑ لوگوں کو پانی بند کرنے کا سوچے گا، وزیراعظم واضح موقف دے چکے ہیں ،پانی کے معاملے سے متعلق حکم پر مکمل عمل ہوگا،پاکستان اور بھارت کے درمیان جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا امن نہیں ہوسکتا۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان نے کہا خضدار میں بچوں کی شہادت میں فتنہ الہندوستان ملوث ہے، بھارت خطے میں امن کو سبوتاژ کررہا ہے اور گزشتہ 20سال سے ریاستی دہشت گردی کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان نے 2009میں دہشت گردی کے ثبوتوں سے بھرا ڈوزیئر شرم الشیخ میں اس وقت کے بھارتی وزیراعظم کو پیش کیا، 2015میں پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزیئر اقوام متحدہ کے حوالے کیا، 2016میں دنیا نے بلوچستان میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا بیوقوفانہ چہرہ کلبھوشن یادو کی شکل میں دیکھا جوبھارتی بحریہ کا حاضرسروس افسر تھا جس نے بھارتی حکومت کے احکام پر انجام دیے گئے تمام گھناﺅنے جرائم اور دہشت گردوں کی فنڈنگ کا اعتراف کیا، 2019میں ایک مرتبہ پھر بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں سے بھرا ڈوزیئر اقوام متحدہ کے حوالے کیا گیا، حال ہی میں ملکی و غیر ملکی میڈیا نے رضاکارانہ ہتھیار ڈالنے والے دہشت گردوں کے اعترافی بیانات دیکھے، جنہوں نے بتایا بھارت کیسے بلوچستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور فنڈنگ کررہا ہے اور سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے سانحہ خضدار میں شہید اور زخمی ہونےوالے بچوں کی تصاویر دکھاتے ہوئے کہا یہ بھارت کا اصل شیطانی اور سفاکانہ چہرہ ہے، اسے یاد رکھنے کی ضرورت ہے، یہ ہے جو 21مئی کو بھارت کے حکم پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے کیا، کیا اس میں کوئی انسانیت، کوئی اخلاقیات، کوئی بلوچیت یا کوئی پاکستانیت ہے؟۔

ایک سال کے دوران بلوچستان میں فتن الہندوستان کی جانب سے دہشتگردی کا نشانہ بننے والے معصوم شہریوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا گیا12اپریل 2024کو نوشکی پنج پائی میں 12مزدوروں کو قتل کیا گیا، 28اپریل 2024کو کیچ کے علاقے تمپ میں2مزدوروں کو شہید کیا گیا، فتنہ الہندوستان نے 9مئی 2024کو گوادر کے علاقے سربندر میں 7حجاموں کو سوتے ہوئے ذبح کیا ، 26اگست 2024کو ماشخیل میں 22بے گناہ مسافروں کو قتل کیا گیا، 28ستمبر 2024کو پنجگور کے علاقے خدابان میں 7مزدور شہید کیے گئے،10اکتوبر 2024کو دکی میں21کان کنوں کو شہید ،7کو زخمی کیا گیا، فتنہ الہندوستان نے 13نومبر 2024 کو زیارت میں بس میں سفر کرنےوالے3مسافروں کو شہید کیا ، 10فروری 2025 کو کیچ میں 2 درزیوں کو شہید کیاگیا، 14 فروری 2025 کو ہرنائی میں آئی ای ڈی کے دھماکے میں 10 معصوم لوگوں کو شہید کیاگیا، 19فروری کو بارکھان میں 7 مسافروں کو بس سے اتار کر شہید کیا گیا، 9 مارچ کو پنجگور میں3حجاموں کو شہید کیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا11 مارچ کو فتنہ الہندوستان نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے معصوم لوگوں اور چھٹی پر جانےوالے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو شہید کیا، 26مارچ کو گوادر میں 6 غریب مزدوروں کو شہید کیا گیا جبکہ 6 اور 7 مئی کو فتنہ الہندوستان کے اصل باپ نے خود آکر دہشتگردی کی اور مساجد کو نشانہ بنایا اور ہمارے 22بچوں اور عورتوں سمیت 40شہریوں کو شہید کیا، فتنہ الہندوستان نے 9مئی کو لسبیبلہ میں3معصوم حجاموں کو شہید کیا، 13 مئی کو نوشکی میں 4 غریب مزدوروں کو حملے میں شہید کیا اور پھر 21مئی کو 6معصوم پھولوں کو شہید کیا گیا جبکہ 51زخمی ہیں جن میں بیشتر بچے زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں، بلوچستان کے بلوچ پوچھ رہے ہیں دہشت گردی کا بلوچیت سے کیا تعلق ہے؟ پاکستان کے مسلمان پوچھ رہے ہیں دہشتگردی کا اسلام اور پاکستان سے کیا تعلق ہے؟ یہ کون سا اسلام اور کون سی بلوچیت ہے جس میں انسان کا زندہ رہنے کا حق یہ ہے کہ تمہارا ڈی این اے کیا ہے ؟ یہ کون سا نظریہ ہے جس کے تحت یہ درندگی بھارت کے پیسے اور احکام پر ظلم کر رہے ہیں؟ یہ کوئی نظریہ نہیں یہ حیوانیت ہے، اس لیے یہ فتنہ الہندوستان ہے ،کسی بلوچستان سے تعلق نہیں ،تعلق صرف ہندوستان سے ہے، ترجمان پاک فوج نے بھارتی فوج کے حاضر سروس میجر سندیپ کی پاکستان میں موجود دہشت گرد سے کی گئی گفتگو ایک مرتبہ پھر سنائی جسے گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا آڈیو میں بھارتی میجر نے اعتراف کیا بھارت لاہور سے لے کر بلوچستان تک دہشت گردی میں ملوث ہے، اس طرح بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرارہا ہے، ہمارے پاس اس طرح کئی ناقابل تردید شواہد موجود ہیں،یاد رکھنے کی ضرورت ہے 22اپریل کو جب سے پہلگام کا واقعہ ہوا دنیا اور پاکستان پوچھ رہا ہے پاکستان کے ملوث ہونے کا ثبوت کہاں ہے؟ پاکستان کا تعلق کیسے ثابت ہوتا ہے، سامنے لائیں اور جب کچھ دن قبل بھارتی سیکرٹری خارجہ سے پہلگام کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا تحقیقات ابھی جاری ہیں اگر تحقیقات جاری ہیں تو 6،7 مئی کی رات کیا ثبوت تھے جو پاکستان پر حملہ کردیا گیا؟انہوں نے بین الاقوامی میڈیا سے سوال کیا7مئی کی صبح جب میڈیا مریدکے، بہاولپور اور مظفر آباد گیا تو کیا وہاں دہشتگردوں کے تربیتی مراکز تھے؟ کیا دہشت گردوں کی تربیت کی کوئی نشانی ملی؟ وہاں اس وقت بھی بچوں اور خواتین کے جلتے ہوئے گوشت کی بو محسوس کرسکتے تھے۔

ترجمان پاک فوج نے کہافتنہ الہندوستان نے 9مئی کی صبح سے لےکر رات 2 بجے تک ہندوستان کی ایما پر بلوچستان بھر میں 33دہشت گرد حملے کیے جن میں 5دہشت گرد مارے گئے جبکہ 22کو گارفتارکیا گیا، ہندوستان نے جس وقت ڈرون اور میزائل بھیجے اسی وقت فتنہ الہندوستان کوبھی ایکٹو کیا، فتنہ الہندوستان کا مقصد صرف پیسہ ہے، بھارت انہیں افغانستان میں دستیاب امریکی اسلحہ خرید کر دیتا ہے، اسی طرح فتنہ الخوارج کا بھی بھارت کےساتھ گٹھ جوڑ ہے جو واضح ہوتا جا رہا ہے، اتنے مہنگے ہتھیار کون خرید کر دے رہا ہے، ظاہر ہے ہندوستان فنڈنگ کر رہا ہے، جب بھی دہشت گرد پکڑے جاتے ہیں، قبضے سے انتہائی مہنگا امریکی اسلحہ برآمد ہوتا ہے، صرف ملٹری فنڈنگ اور قتل و غارت ہی نہیں بلکہ بھارت کا میڈیا ونگ بھی فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کےساتھ ملکر کام کررہا ہے،4 نومبر 2023کو میانوالی ایئربیس پر حملے سے ایک رات قبل بھارتی سوشل میڈیا پوسٹس میں کہا گیا کہ کل بڑا دن ہے، اس لیے جلدی سوجائیں اور اگلے دن پوسٹ کی گئی گڈمارننگ میانوالی اور پھر میانوالی کے واقعے کو بھارتی میڈیا نے بڑھا چڑھا کر پیش کیا،6اکتوبر 2024کو کراچی میں چینی دوستوں پر حملے سے قبل را سے تعلق رکھنے والے بھارتی سوشل میڈیا اکانٹس نے پہلے ہی پوسٹ کردیا کچھ گھنٹوں بعد بڑا دن ہے اور حملے کے فوری بعد بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا نے جشن منانا شروع کردیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا 11مارچ کو جعفر ایکسپریس پر حملے سے قبل بھی ایسا ہی ہوا، بھارتی سوشل میڈیا اکاﺅنٹس سے کہا گیا آج اور کل پاکستان پر نظریں جمائے رکھیں، بلوچستان میں امن کا راستہ کشمیر سے ہوکر گزرتا ہے اور پھر حملے کے بعد ان کے پورے میڈیا نے سفاکانہ عمل پر جشن منانا شروع کردیا ،پوری دنیا اس کی مذمت کررہی تھی، خضدار کے بزدلانہ حملے کے فوری بعد بھی بھارتی سوشل میڈیا نے پوسٹ کرنا شروع کر دیں اور پھر بھارتی میڈیا نے واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز نشر کرنا شروع کردیں، دنیا میں کون سا ملک ہے جو دہشت گردی پر جشن مناتا ہے؟، 6اور7مئی کو بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا ایلیٹ نے عورتوں اور بچوں سمیت 40پاکستانیوں کی موت کو بڑی کامیابی قرار دیا اور وہ اب بھی اسے بڑی کارروائی قرار دے رہے ہیں، جدید تاریخ میں کوئی قوم، کوئی میڈیا اور کوئی حکومت آپ کو بچوں اور عورتوں کی موت کا جشن مناتے ہوئے نہیں ملے گی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے فتنہ الہندوستان کی جانب سے 11 مئی کو جاری پریس ریلیز دکھائی جس میں بھارت سے دفاعی مدد کا تذکرہ کیا گیا تھا اور بھارت کو یقین دہانی کرائی گئی تھی جب بھارت پاکستان پر حملہ کرے گا تو کالعدم بی ایل اے قوم کےساتھ مغربی سرحد سے حملہ کرنے کےلئے تیار ہے، یہ” را“ نے بی ایل اے سے پریس ریلیز جاری کرائی کیونکہ وہ پاکستانی ریاست کو شکست نہیں دے پارہا، ان کے میزائل اور ڈرون پاکستانی عوام کا حوصلہ نہیں توڑ پا رہے، آرمی چیف کہہ چکے ہیں جب 13لاکھ کی بھارتی فوج ہمیں خوف زدہ نہیں کرپائی تو یہ فتنہ الہندوستان ہمیں کیسے پیچھے ہٹنے پر مجبور کرسکے گا۔

ترجمان پاک فوج نے ایک سلائیڈ دکھانے کے بعد جس میں بھارت سے 93ہزار گنز مانگی جارہی ہیں کہا فتنہ الہندوستان کا تعلق بلوچوں اور بلوچیت سے نہیں بھارت سے ہے اور وہی ان کا مالک ہے، اب بتائیے ریاستی دہشت گردی میں کون ملوث ہے، بھارت میں اقلیتوں پر ظلم ڈھائے جارہے ہیں جس کا قدرتی ردعمل بھی ہوتا ہے مگر بھارت اپنا داخلی مسئلہ حل کرنے کے بجائے بھارت اور خطے میں دہشتگردی کررہا ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی وزیراعظم، حکومتی عہدیداروں، ریٹائرڈ فوجی افسران اور پاکستان میں پکڑے حاضر سروس بھاتی فوجی افسر کلبھوشن یادو کے بیانات دکھانے کے بعد کہا واضح رہے دہشت گردی کہاں سے ہورہی ہے، یہ بھارت اور فتنہ الہندوستان کا مکروہ چہرہ ہے، فتنہ الہندوستان کے ترجمان بھارتی میڈیا پر ظاہر ہوتے ہیں اور دہشت گردی کا پرچار کرتے ہیں، مغرب اور باقی دنیا بھی جانتی ہے بھارت کس طرح پاکستان میں دہشت گردی کررہا ہے

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ہتھیار ڈال دینے والے بلوچ عسکریت پسندوں اور ایک خاتون خود کش بمبار کے ویڈیو کلپس دکھا کر کہا یہ فتنہ الہندوستان کے مکروہ چہرے کا ایک اور رخ ہے جو نوجوان خواتین کا استحصال اور بلیک میل کرکے انہیں مذموم مقاصد کےلئے خودکش بمبار کے طور پر استعمال کرتے ہیں، بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیاں ہزاروں سوشل میڈیا اکانٹس آپریٹ کررہی ہیںاور ان اکانٹس کے ذریعے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کو بڑے پیمانے پر حمایت حاصل ہورہی ہے

ترجمان پاک فوج نے دہشتگردی کےخلاف آپریشنز کے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے بتایا جنوری 2024سے پاکستان میں دہشت گردی کے 4664واقعات ہوئے، ان میں سے بلوچستان میں 1612واقعات ہوئے، پاکستانی سکیورٹی ایجنسیز اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے 93515انسداد دہشت گردی آپریشنز کیے جن میں سے 52887آپریشنز بلوچستان میں کیے گئے،2024میں مجموعی طور پر 1018دہشت گردی مارے گئے جن میں سے 223بلوچستان میں ہلاک کیے گئے، رواں سال اب تک 747دہشت گرد مارے جاچکے ہیں جن میں سے 203صرف بلوچستان میں ہلاک کیے گئے ہیں، جیسے جیسے (بھارت )دہشت گردوں کو کارروائیوں کےلئے آگے بڑھا رہا ہے ویسے ویسے ریاست قلع قمع کررہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک سوال کے جواب میں کہا جس طرح قوم بھارت کےخلاف جنگ میں ایک آہنی دیوار بن گئی تھی اسی طرح بھارتی پراکسیز کےخلاف بھی آہنی دیوار بن جانے کی ضرورت ہے، بھارت نے پاکستان کےخلاف جارحیت اس لیے کی کہ تمام فورسز دہشت گردوں کےخلاف برسرپیکار ہیں اور ان کے خلاف گھیرا تنگ کررہی ہیں، گزشتہ برس 250کے قریب دہشت گرد مارے گئے تھے اور رواںسال اب تک 230 کے قریب دہشت گرد بلوچستان میں ہم مار چکے ہیں، بلوچ یکجہتی کمیٹی کےخلاف بھی گھیرا تنگ کیا گیا، وہ جب نکلتے ہیں تو محض 25، 30لوگ ان کےساتھ ہوتے ہیں، بلوچستان کے لوگ بھی انہیں پہچان چکے ہیں، بھارت کےخلاف جنگ میں مغربی سرحد سے ایک سپاہی بھی نہیں ہٹایا گیا، بلوچستان میں جو کچھ ہورہا ہے وہ بلوچوں کی جنگ نہیں ہے یہ بھارت کی پراکسیز ہیں جو پیسے لے کر قتل کر رہے ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا بلوچستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اور وہ وہاں متعدد معاشی منصوبوں پر کام جاری ہے، یہ سماجی و معاشی ترقی دہشت گردوں کو ہضم نہیں ہورہی، وزیراعظم اور حکومت کی بلوچستان پر خصوصی توجہ ہے، بلوچستان کےلئے فنڈز جاری کیے جارہے ہیں اور یہ بات دشمن کو کھل رہی ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشت گردوں کےخلاف آپریشن کے حوالے سے کہا نیشنل ایکشن پلان میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہیں، دہشت گردی کے پیچھے کوئی نظریہ نہیں ہے، اس کے پیچھے بھارت کی اجارہ داری کی خواہش ہے جو پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے اور اس کے لیے وہ فنڈنگ کررہا ہے، دہشت گردوں کو سکیورٹی فورسز اور عوام نے مل کر سنبھالنا ہے اور ہم سنبھال سکتے ہیں، بلوچ یکجہتی کمیٹی کو بے نقاب کریں، جو لوگ ان کے انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں تو دہشت گردوں کا انسانی حقوق سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، جب دہشت گرد مارے جاتے ہیں تو ہم ان کے ڈی این اے کراتے ہیں تو ان میں سے آدھے وہی نکلتے ہیں جن کی تصویریں مسنگ پرسن کے طور پر لےکر گھوم رہے ہوتے ہیں، اب یہ بات کھل کر سامنے آچکی ہیں ہے بلوچ یکجہتی کمیٹی اور ماہ رنگ دہشت گردی کی پراکسی ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بھارت کی جانب سے سکھوں کے مقدس مقامات پر میزائل حملوں کے الزامات سے متعلق سوال کے جواب میں کہا بھارت نے امرتسر میں سکھوں کے مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا اور ننکانہ صاحب میں بھی ڈرون حملے کرنے کی کوشش کی جنہیں ناکام بنایا، سکھوں کے مقدس مقامات کی حفاظت کرتے ہیں ۔

بھارت کی جانب سے پاکستان پر دوبارہ کسی جارحیت کے امکان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان نے کہا پاکستان پرامن ملک ہے اور امن چاہتا ہے لیکن اگر بھارت سمجھتا ہے وہ دوبارہ جارحیت کرسکتا ہے تو پھر ہمیں آزما کر دیکھ لے، ہم دوبارہ اسے سبق سکھادیں گے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا امن نہیں ہوسکتا، جب تک مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حق خود ارادیت نہیں مل جاتا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک سوال کے جواب میں کہا بلوچستان میں ہم دہشتگردوں کےخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر رہے ہیں اور یہ بہت موثر طریقہ کار ہے، جسے ہم جاری رکھیں گے، دہشت گردوں کابلوچستان اور بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں اور یہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے، فتنہ الہندوستان بلوچستان کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا اور اسی لیے ترقیاتی منصوبوں کو نشانہ بناتے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں اگر بلوچستان ترقی کرگیا تو مذموم مقاصد کےلئے کوئی بندہ نہیں ملے گا، ہم حق پر ہیں اور حق کی ہمیشہ فتح ہوتی ہے، راستہ دشوار اور طویل ہوسکتا ہے لیکن ہمارے ایمان اور یقین میں کوئی شک نہیں ہے، فتح ہماری ہوگی اور پاکستان قائم رہے گا۔

ایک سوال کے جواب میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کوئی پاگل ہی ہوگا جو 24 کروڑ لوگوں کو پانی بند کرنے کا سوچے گا، وزیراعظم واضح موقف دے چکے ہیں اور پانی کے معاملے سے متعلق حکم پر مکمل عمل ہوگا، بھارت افغانستان کو پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کےلئے استعمال کرتا آرہا ہے مگر کیا وہ اپنی کوششوں میں کامیاب ہوگئے؟ نہیں کیونکہ ہم کوئی ترنوالہ نہیں ہیں، دوسری بات یہ کہ پاکستان اور افغانستان نہ صرف برادرانہ مسلم ممالک ہیں بلکہ پاکستان اور افغانستان میں پشتونوں کی بھی بڑی تعداد آباد ہے اور دونوں طرف زبان اور ثقافت مشترکہ ہے، پاکستان نے تو افغانیوں کےساتھ حسن سلوک کیا ہے، ہم نے افغانستان سے کہا وہ دہشت گردوں کےخلاف کارروائی کرے، چیف آف آرمی سٹاف کہہ چکے ہیں ایک پاکستانی کا خون ہمارے لیے ہزار افغانیوں پر مقدم ہے کیونکہ کوئی بھی ریاست اس بات کی اجازت نہیں دے سکتی کوئی دوسری ریاست اس کے شہریوں کو نشانہ بنائے۔

قبل ازیں پریس کانفرنس کے آغاز میں سیکرٹری داخلہ خرم آغا نے کہا ابتدائی تحقیقات کے مطابق خضدار حملے میں فتنہ الہندوستان ملوث ہے، دہشت گردوں نے سکول کے بچوں کو نشانہ بنایا، دہشت گرد حملہ سکول بس پر نہیں ہماری اقدار پر تھا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق خضدار حملے میں فتنہ الہندوستان ملوث ہے، فتنہ الہندوستان نے امن سبوتاژ کیا،وفاقی سیکرٹری داخلہ نے فتنہ الہندوستان کی بیخ کنی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جیسے سانحہ اے پی ایس کے بعد آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا تھا اسی طرح فتن الہندوستان کےخلاف بھی آپریشن کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے گا۔