بھارت نے پانی روکا تو نتائج دہائیوں تک محسوس کئے جائینگے، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: (بیورو رپورٹ) ترجمان پاک فوج اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے بھارت خطے بالخصوص پاکستان میں دہشت گردی کااصل سرپرست، پانی روکا تو پاکستانی ردعمل کے نتائج سالوں اور دہائیوں تک محسوس کئے جائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویوز دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا حکومت نے پانی کے معاملے پربھارت کو واضح کردیا، فوج کی طرف سے مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں،24 کروڑ سے زائد لوگوں کا پانی روکنے کا کوئی پاگل آدمی ہی سوچ سکتا ہے،بھارت ایسا کرنے کی ہمت نہیں کرسکتا، امید کرتے ہیں ایسا وقت نہ آئے لیکن آیا تو دنیا اقدامات دیکھے گی، بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو سالوں ،دہائیوں تک نتائج محسوس کئے جائیں گے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ اپنے کئے گئے وعدوں کی پاسداری ،سیاسی حکومت کی ہدایات کو مکمل طور پر مانتے اور عزم کا پاس رکھتے ہیں، پاک فوج کی طرف سے جنگ بندی برقرار رہے گی،فریقین کے درمیان رابطے میں اعتماد سازی کے اقدامات کئے گئے اگر خلاف ورزی ہوتی ہے تو جواب ہمیشہ ہوگا اور موقع پر ہوگا جواب صرف ان ہی چوکیوں ،مقامات پر ہوگا جہاں سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی ہو۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاتصدیق کرسکتا ہوں بھارت کا چھٹا گرنے والا طیارہ میراج 2000 ہے، مزید جہاز بھی گرا سکتے تھے مگر ضبط کا مظاہرہ کیا، حملوں کے باوجود تمام فضائی اڈے مکمل طور پر فعال ہیں، پاک فضائیہ کے پاس ایسے وسائل ہیں جن کی مدد سے فوری طور پر اڈوں کو فعال کیا جاسکتا ہے،بھارتی پالیسی، ظلم وجبر اور کشمیر کو اندرونی معاملہ بنانے کی کوشش ناکام ہو چکی جب تک بھارت بات چیت نہیں کرتا اور دونوں ممالک مسئلے کا حل نہیں نکالتے تنازع کی آگ بھڑکنے کا خطرہ موجود رہیگا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاک بھارت تناو کو سمجھنے کےلئے پس منظر میں جانا ضروری ، بھارت حقیقت چھپانے کےلئے جھوٹے بیانیے کے پیچھے چھپ رہا ہے،ترجمان پاک فوج نے کہاپہل گام واقعہ کے چند منٹ بعد ہی بھارتی میڈیا ،سوشل میڈیا نے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا شروع کر دیا،معاملے کی حقیقت یہ ہے 2 دن قبل بھارتی ترجمان دفتر خارجہ سے پوچھا گیا واقعہ میں کون ملوث ہے تو جواب ریکارڈ پر موجود ہے تفتیش ابھی جاری ہے،بغیر تفتیش ،شواہد کے الزامات لگانا کہاں کی دانشمندی ہے؟ حکومت نے واضح موقف اپنایا کوئی ثبوت ہے تو کسی غیر جانبدار ادارے کو دیا جائے، تعاون کےلئے تیار ہیں،بھارت نے منطقی پیشکش کو رد کر دیا اور یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے ملکی مساجد پر میزائل داغے، بچوں، خواتین اور بزرگوں کو شہید کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا رویہ بھارت خود منصف، جج اور جلاد بن جائے یہی اصل مسئلہ ہے ،معاملے کی حقیقت یہ ہے پاکستان میں جاری دہشت گردی کا اصل سرپرست بھارت ہے، چاہے وہ دہشت گردی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتی ہو یا بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد گروہ ہوں سے یہی ان کا متکبرانہ رویہ ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاک فوج نے ملکی خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ کی مقدس ذمہ داری کوپورا کیااور آئندہ بھی ہر قیمت پر کریں گے،پاکستان نے انتہائی بالغ نظری سے کام لیتے ہوئے فوری، سخت و موثر جواب دیا،دشمن کو حقیقت کا سامنا کرنا پڑا، 6 ،7 مئی کی رات کو بھارت نے حملہ کیا، میزائل فائر کئے، انتہائی پیشہ ور فضائیہ نے دشمن کے طیارے،ڈرونز مار گرائے،آخری گنتی کے مطابق 84 ڈرونز تھے لیکن اصل تعداد کہیں زیادہ ہے کیونکہ بہت سے شہریوں نے ڈرونز جنگی ٹرافی کے طور پر اپنے پاس رکھ لئے کیونکہ قوم ننگی جارحیت کےخلاف باہم جڑ گئی تھی ،قوم ،افواج پاکستان سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہو گئیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہادشمن نے ڈرانے کےلئے مزید میزائل داغے مگر بھارتی بھول گئے پاکستانی قوم،افواج کبھی جھکتی ہیں نہ جھکائی جا سکتی ہیں، 10 مئی کی صبح نپا تلا جواب دیا، نہایت ذمہ داری ، احتیاط کےساتھ صرف دشمن کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، کسی ایک بھی شہری ہدف کو نقصان نہیں پہنچایا ،مناسب، منصفانہ اور متوازن جواب تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان نے خود آ کر جنگ بندی کی درخواست کی، امن و استحکام کے خواہاں ہیں تو ہم نے کہا کیوں نہیں؟ سفارتی کور نے زبردست کام کرتے ہوئے انتہائی فہم و فراست سے غیر معمولی انداز میں عالمی برادری کو انگیج کیا، پرتشدد نہیں،سنجیدہ قوم ہیں، پہلی ترجیح امن ہے، امریکہ جیسی بڑی و سمجھدار طاقتیں بہتر انداز میں سمجھتی ہیں پاکستان کے عوام کا جذبہ کیا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہاکبھی بھی بھارتی بالادستی کے آگے نہیں جھکیں گے وہ بات جتنی جلدی سمجھ لے علاقائی امن و دنیا کیلئے اتنا ہی بہتر ہوگا،بھارت اسرائیل ہے نہ پاکستان فلسطین، جارحیت کا بے رحمانہ جواب دیں گے،دہشتگردی، انتہا پسندی ، نفرت بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے، نئی دہلی حکومت ملک میں مسلمانوں ،سکھوں سمیت دیگر اقلیتوں پر دباو ڈال رہی ہے ،اقدام سے مزید غصہ، انتہا پسندی اور دہشت گردی جنم لے رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا پاکستان دنیا میں دہشتگردی کا سب سے بڑا شکار ہے، جنوری 2024 سے اب تک پاکستان میں 3 ہزار 700 سے زائد دہشت گردی کے واقعات رونما ہوئے ،1314 افراد جان کی بازی ہارے،2500سے زائدزخمی ہوئے،پاکستان میں دہشتگردی بھارت کی حمایت ، حوصلہ افزائی سے ہو رہی ہے،بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی کالعدم بی ایل اے نے اپنے بیان میں واضح طور پر بھارت سے فوجی امداد کی درخواست کی تھی ،نئی دہلی کے بعض رہنماوں، سیاسی شخصیات اور ریٹائرڈ جرنیلوں نے پاکستان میں تنظیم کی حمایت کرنے کے بیانات دئیے تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہابہت سے ثبوت موجود ہیں بھارت کا پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات سے تعلق ہے،ثبوت بین الاقوامی عدالت انصاف میں جمع کرائے چکے ،بھارتی خفیہ ادارے پاکستان میں حملے کرنے کےلئے دہشتگرد تنظیموں کو تربیت ،مالی امداد فراہم کر رہے ہیں،پہلگام حملے کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں،کشمیر بین الاقوامی تنازع ہے ،حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت عوام کی مرضی کے مطابق ہونا چاہیے، بھارت کے پاکستان پر حملے کا مقصد ملک کے مغربی حصے میں دہشتگرد گروہوں کو سانس لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہاپاکستان میں استحکام ،معاشی بہتری کی رفتار آہستہ لیکن یقینی طور پر درست سمت میں گامزن ہے ،بھارت حالیہ حملوں سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے، جارحیت ،غنڈہ گردی کے آگے کبھی جھکے نہ جھکیں گے،پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر اکسایا ، حملہ کیا گیا تو جواب تیز ، بے رحمانہ ہوگا، کوئی شک نہیں ہونا چاہیے،بھارتی فوج کی طرف سے کی جانے والی کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دیا جائے گا۔

پاکستان ،بھارت کے درمیان جنگ کو بے وقوفی قرار دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ایسی صورتحال دونوں ممالک کی باہمی تباہی کا نسخہ ہو گی،حالیہ جنگ میں بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے ،3 رافیل بھی شامل تھے، پاکستان کے ایک طیارے کو معمولی نقصان پہنچا ،جلد ہی دوبارہ آپریشنل ہو جائے گا،پوری دنیا جانتی ہے پاکستان نے بھارت کے طیارے گرائے لیکن نئی دہلی تسلیم کرنے کو تیار نہیں، مار گرائے گئے طیاروں کے پائلٹوں) کے نام بتا سکتے ہیں، جانتے ہیں وہ کہاں اورکس (ہسپتال کے) بستر پر لیٹے ہیں،بھارت کا متکبرانہ رویہ جنوبی ایشیا کے 1.6 ارب لوگوں کےلئے خطرناک ہے،پاکستان کو کبھی بھی مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔