زرعی شعبے کی برآمدات 2030ءتک 125 ارب ڈالر تک بڑھائیں گے: رانا تنویر

لاہور (کامرس سرپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین کی زیر صدارت پاسکو ہیڈ آفس میں ”زرعی شعبے میں قومی سطح پر جدت اور گروتھ ایکشن پلان“ کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں وزیر زراعت و لائیو سٹاک عاشق کرمانی، وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ وسیم اجمل چوہدری، سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو، سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی عطیل، سیکرٹری فاریسٹ،وائلڈ لائف اینڈ فشریز پنجاب مدثر ریاض ملک، سیکرٹری کموڈٹیز اینڈ پرائس کنٹرول پنجاب اجمل بھٹی اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا مقصد زرعی شعبے کی گروتھ کو بہتر بنا کر2030 ءتک اس کو برآمدات کو 125 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان قومی سطح پر سبز انقلاب دوئم لانا چاہتے ہیں ۔اس مقصد کیلئے زراعت ، لائیو سٹاک اور فشریز جیسے اہم شعبوں میں 28 ٹرانسفارمیشن اقدامات اٹھانا ہے تاکہ ان شعبوں کی ویلیو چین کو بہتر کرکے ملکی زر مبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکے۔ وزیر اعظم پاکستان کے دئیے گئے ٹاسک کے مطابق ان شعبوں میںبہتری کیلئے6 ورکنگ گروپس کے تحت ان تمام سیکٹر زمیں بہتری لائی جائے گی۔ ان گروپس کے تحت تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی اینڈ آئی ٹی ،ریسرچ اور کاشتکاروں کی استعدادِ کار میں اضافہ ، زرعی میکانائزیشن کا فروغ اور کاشتکاروں کی مالی خود مختاری ، قانونی و ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل اورزرعی ترقی میں اضافہ کیلئے اقدامات شامل ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے پنجاب میں زراعت و لائیو سٹاک کے شعبوں میں ترقی کو سراہا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے کسان دوست اقدامات کی ستائش کی۔انھوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو ڈیجٹیل بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ انہیں اُن کی دہلیز پر تمام سہولیات مل سکیں۔اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ صوبہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں 400 ارب روپے سے زائد کے زرعی ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیحات میں فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے نئی سیڈ ٹیکنالوجی اور ہائی ٹیک میکانائزیشن کا فروغ شامل ہے ۔ اس مقصد کیلئے موجودہ سال 4 ایگری مالز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جن کی تعداد اگلے مالی سال مزید10تک بڑھائی جائے گی ۔ اس کے علاوہ کاشتکاروں کو تحصیل کی سطح پرجدید زرعی مشینری کرایہ پر حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔کاشتکاروں کو معاشی خود انحصاری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کا اجراءکیا گیا اور اس کے تحت کاشتکاروں کو55 ارب روپے کے بلاسود زرعی قرضہ جات فراہم کئے گئے۔ اس کے علاوہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 9500 کاشتکاروں کو 10 لاکھ روپے سبسڈی کے تحت گرین ٹریکٹرز فراہم کئے گئے۔زرعی توسیع سروسز میں پہتری کیلئے 1 ہزار نوجوان زرعی گریجویٹس بھرتی کئے گئے تاکہ کاشتکاروں کو فنی راہنمائی دی جا سکے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اگلے مالی سال ہر یونین کونسل میں ایکسٹینشن موبائل آفس اور لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جہاں کاشتکاروں کو فنی راہنمائی ملے گی اورمٹی وپانی کے تجزئیے کی مفت سہولت میسر ہو گی۔اس کے علاوہ حکومت پنجاب کلین ائیر پروگرام کے تحت صوبہ میں5 ہزار سپر سیڈرز فراہم کر رہی ہے تاکہ دھان کی باقیات کو سائنسی طور پر کار آمد بنایا جا سکے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ صوبہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے کسان دوست اقدامات کے تحت زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے بیج کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی پاکستان میںمتعارف کرانا وقت کا اہم تقاضا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ مقامی مشینری کی درآمد پر 25 فیصد جبکہ امپورٹڈ مشینری پر35 فیصد ڈیوٹی نافذ العمل ہے ۔ملک میں زرعی میکانائزیشن کے فروغ کیلئے اس میں کمی لانا ضروری ہے۔