جشن فتح،واہگہ بارڈر پر عوام کاسیلاب ،،بھارت پریڈ سے بھی بھاگ گیا

لاہور:(خبر نگار)واہگہ بارڈر پر جشن فتح، رینجرز جوانوں پر پھول نچھاور، بھارت پریڈ سے بھی بھاگ گیا۔

بھارت کیخلاف عظیم کامیابی کا جشن منانے کےلئے ہزاروں پاکستانی شہری واہگہ بارڈر پہنچے ،فضا اللہ اکبر،پاک فوج زندہ باد اورپاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی،نوجوانوں، بزرگوں، خواتین ،بچوں سمیت واہگہ بارڈر پر انسانوں کا سمندر امڈ آیا،پریڈ کے اختتام پر شہریوں نے رینجرز کے جانبازوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، ہار پہنائے اور بار بار ہمیں تم پر ناز ہے کے نعرے لگائے، بزرگ خواتین نے جوانوں کے ماتھے چوم کر قربانیوں ، استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔

عوام اور رینجرز نے دنیا کو پیغام دیا ملکی سرزمین، غیرت اور آزادی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں،زندہ قوم ہیں اور ہمیشہ سرخرو رہیں گے۔

طالبہ مریم نے جذباتی انداز میں کہا بھارت کےخلاف جنگ میں فتح اور کامرانی کی خوشی منانے آئے ، امید ہے مودی کے دماغ سے جنگ کا بخار اتر گیا ہوگا،نوجوان حمزہ نے کہا پاکستان کی فوج نے نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کو بتا دیا مسلمان کسی سے نہیں ڈرتے، بھارت اب پاکستان کو دوبارہ جنگ کی دھمکی دینے سے پہلے ہزار بار سوچے گا۔

خاتون شہری نے پرعزم انداز میں کہا اب بھارت خواب میں بھی پاکستان کےساتھ جنگ کا تصور نہیں کرے گا، فوج نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

دوسری جانب بھارتی سائیڈ پر مکمل سناٹا ،سٹیڈیم خالی رہا، خاموشی سے ترنگا اتارا گیا،عوام کو بھی پریڈ میں شرکت نہیں کرنے دی گئی۔