بھارت کو سوچنا بھی نہیں چاہیے پاکستان جارحیت پر خاموش رہے گا،رضوان سعید شیخ

واشنگٹن:(بیورورپورٹ)امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہاہے بھارت کو سوچنا بھی نہیں چاہیے پاکستان جارحیت پر خاموش رہے گا۔

رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا بھارت نے کرکٹ سٹیڈیم پر حملہ کیا، کرکٹ سٹیڈیم میں کیا دہشتگرد ہوتے ہیں؟،بھارت کا ماضی دیکھیں جو نیپال اور سری لنکا میں ہوا سب کو معلوم ہے، بھارت کو ایسا سوچنا ہی نہیں چاہیے پاکستان خاموش رہےگا، عوام کا حکومت پر بھارت کو جواب دینے کا دباوہے۔

پاکستانی سفیر نے کہابھارت نے خود ساختہ طور پر پاکستان کو پہلگام واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرایا،ثبوت دکھانے چاہئیں، پاکستان آزادانہ انکوائری کا حامی ہے، بھارت نے جنگ شروع کی تو پاکستان نے اپنا دفاع کیا،پاکستان کبھی جنگ نہیں چاہتا لیکن جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔

دریں اثنااقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ابھی تک اقوام متحدہ چارٹرکے تحت جواب دینے کا حق استعمال نہیں کیا،خطہ خاص طورپرکشمیر نیوکلیئر فلیش پوائنٹ کے طور پرجانا جاتا ہے، برطانوی اخبارنے کشمیرکو جغرافیائی سیاسی فالٹ لائن قراردیا، پاکستان بطور ذمہ دارایٹمی ریاست واضح موقف رکھتاہے۔

عاصم افتخار نے کہا 6 اور 7 مئی کی رات بھارت نے حملہ کیا، حملے کے بعد جوابی اقدامات کیے،قابل قبول نہیں کوئی ملک الزام لگائے پھرخود ہی جج اورجیوری بن جائے،کشیدگی کم کرنے اور آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نکالا جائے۔